ملک میں جاری بارشوں نے تباہی مچا دی،11 افراد جاں بحق

Lahore Rain

Lahore Rain

ملک میں جاری بارشوں نے تباہی مچادی۔ سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا۔ جہاں بارش سے متعلق حادثات میں گیارہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لاہور میں طوفانی بارشوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے گیارہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں نشتر کالونی میں طوفانی بارش اور آندھی کے باعث گھر کی چھت گرنے سے عباس نامی شخص اسکا چار سالہ بیٹا وسیم اور تین سالہ بیٹی ارم جان کی بازی ہار گئے۔

چوبیس گھنٹے کے دوران کماہا روڈ۔ غازی روڈ اور فیز فائیو سمیت مختلف علاقوں میں بارش نے مزید آٹھ افراد کی جان لے لی۔ چیچہ وطنی میں بارش میں چھت گرنے سے چھ سالہ بچہ جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ بھکر میں طوفانی بارشوں سے پولیس اہلکار سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ فیصل آباد میں عمارت گرنے کے باعث دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

اوکاڑہ شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ شیخوپورہ میں بند ٹوٹنے سے فصلیں تباہ ہو گئیں۔ خیبر ایجنسی میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ حادثے میں چار خواتین اور دو بچے جاں بحق ہو گئے۔