ملک بھر میں مون سون کا سلسلہ جاری

Sindh

Sindh

سندھ (جیوڈیسک) کی دھرتی بھی مون سون کی بارشوں سے سیراب ہونے کو تیار ہے۔ کراچی سمیت کئی شہروں میں کبھی دھوپ کبھی بارش کا کھیل جاری ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں شدید گرمی اور گرم ہواوں کا رخ بھی بلا آخر تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔ مون سون کی بارشوں نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں جل تھل کیا تو اب کالے بادلوں نے کراچی، حیدر آباد سمیت دیگرسندھ کے شہروں میں ڈیرہ ڈال لیا۔ گزشتہ رات کراچی میں ہلکی بوندا باندی نے موسم خوشگوار کر دیا۔

نواب شاہ میں بھی بادل کھل کر برسے۔ ابر رحمت کا برسنا تھا کہ مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔دادو اور گردو نواح میں مٹی کے طوفان کے ساتھ بارش نے گرمی کی شدت میں کمی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی سندھ اسلام آباد، مشرقی پنجاب سمیت بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

تاہم ملک کے بیشترحصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ ملکہ کوہسار مری میں بھی بادل گھن گرج کے ساتھ برسے اور سب سے زیادہ بارش بھی مری میں پندرہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں موسم کی آنکھ مچولی، کہیں ٹھنڈی ہوا کے ساتھ رم جھم بارش برستی رہی اور کہیں گرمی اور حبس نے لوگوں کے ہوش اڑا دئے۔