جمہوریت کا تحفظ عدلیہ ، حکومت سمیت تمام اداروں کی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس

Tassaduq Hussain Jilani

Tassaduq Hussain Jilani

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ جمہوریت کا تحفظ عدلیہ اور حکومت سمیت تمام اداروں کی ذمہ داری ہے ، کسی ریاستی ادارے کو اپنے متعین کردہ کردار سے تجاوز نہیں کرنا چاہئے۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی زیر صدارت جسٹس خلجی عارف حسین کے اعزاز میں الوداعی فل کورٹ ریفرنس سپریم کورٹ میں ہوا۔چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے اپنے خطاب میں جسٹس خلجی عارف حسین کے کردار کو سراہا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

ملک کو دہشتگردی فرقہ واریت اور بنیادی حقوق سمیت بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔کسی ریاستی ادارے کو اپنے متعین کردہ کردار سے تجاوز نہیں کرنا چاہئے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا تحفظ عدلیہ اور حکومت سمیت تمام اداروں کی ذمہ داری ہے۔

تحفظ کا یہ کردار تمام عدالتوں بالخصوص سپریم کورٹ کا مقدس فریضہ ہے۔فل کورٹ ریفرنس سے صدر سپریم کورٹ بار کامران مرتضیٰ اور پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین رمضان چودھری نے بھی خطاب کیا۔