ڈینگی مچھر کی ممکنہ پرورش کو روکنے کیلئے عوام الناس کو حکومتی کوششوں میں بھر پور حصہ لینا چاہیے: رائو ناصرعلی خان

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن لیبرونگ لاہور کے سینئرنائب صدرممتاز تاجر رہنماء رائو ناصرعلی خان میئو نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر کی ممکنہ پرورش کو روکنے کیلئے عوام الناس کو پنجاب حکومت کی کوششوں میں بھر پور حصہ لینا چاہیے تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے انسداد ڈینگی مہم کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش اور لاروا بننے کے عمل کا چند احتیاطی تدابیر سے خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ جس کیلئے تین دن سے زائد کسی بھی جگہ پر فالتو پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر محکموں پرمشتمل ضلع ،تحصیل اور یونین کونسل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو ٹائر شاپس،نرسریوں ، سرکاری املاک، پانی کی ٹینکیوں اور دیگر ممکنہ افزائش کے مقامات کی نشاندہی کر کے عوام کے ساتھ مل کر ڈینگی افزائش کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کریں گی۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ڈینگی سے متاثرہ دس ہزار افراد میں سے اوسطاَ ایک ہزار افراد میں علامات ظاہر ہوئی ہیں جبکہ 9ہزار افراد خود بخود مدافعتی نظام کے تحت ٹھیک ہو جاتے ہیں تاہم احتیاطی تدابیر سے اس مچھر کا خاتمہ ممکن ہے۔