ڈینگی وائرس سے عوامی زندگی کو محفوظ بنا نے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر عوامی آگاہی مہم اور اسپرے مہم کو فعال بنا یا جائے نشاط ضیاء قادری

کراچی حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے پولیو، ڈینگی، ملیریا سمیت دیگر مہلک و موسمی امراض سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے ذریعے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے تشہیری مہم چلا ئی جائے تاکہ عوام کو مرض سے احتیاط سے متعلق آگاہی فراہم کرکے قیمتی جانوں کو بچایا اور صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جاسکے۔

انہوں نے شہر میں ڈینگی وائرس مرض کے پھیلائو پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو ہدایت سے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس سے عوامی زندگی کو محفوظ بنا نے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر مرض سے بچائو سے متعلق احتیاطی تدابیر اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی مہم چلائی جائے گلیوں اور محلوں ،کھیل کے میدانوں، فیملی پارکوں اور خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں، مدارس اور اسکولوں کالجوں میں صبح و شام روزانہ کی بنیاد پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے۔

تاکہ ڈینگی مچھروں کا خاتمہ اور مرض کا سدباب کیا جاسکے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کی مختلف یونین کونسل کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے علاقائی مسائل اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کی۔

اور اُن سے علاقائی مسائل سے اور بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ علاقائی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے حق پرست نمائندے مکمل نگرانی کررہے ہیں عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے شب روز مصروف ہیں نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہا ہے کہ علاقائی ترقی عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کو یقینی بنا ئیں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کے حوالے سے اقدامات مزید تیز کئے جائیں۔