محکمہ لائیو سٹاک عوام کو سستا اور صحت مند گوشت فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے : رانا عبدالستار

لاہور : پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک عوام کو سستا اور صحت مند گوشت فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے اور خاص طور پر پولٹری انڈسٹری سے متعلقہ تمام شعبہ جات پر کڑی نظر رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈ ایکٹ پر عمل درآمد کرنے سے ناجائز منافع خوروں کا محاسبہ ہو گا، فیڈ ریٹ کم ہونے سے برائلر کی تیاری پر فارمر کی لاگت میں کمی آئے گی، فیڈ صحت مند ہونے سے برائلر میٹ بھی صحت مند ہو گا، پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے ایجنڈے کے مطابق پاکستانی عوام کو برائلر میٹ سستا اور صحت مند مہیا ہو گا۔

سیکرٹری لائیو سٹاک سے گزارش ہے کہ فیڈ ایکٹ کے ساتھ ساتھ پولٹری انڈسٹری رولز بھی تیار کر کے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے جو پولٹری کے تمام شعبہ جات مثلاً فیڈ، ہیچری، میڈیسن، بروکرز، فارمرز پر لاگو ہوں، کیونکہ فیڈ کے ساتھ ساتھ ہیچری، میڈیسن اور بروکر بھی اپنی مرضی کی قیمت لگاتا ہے فیڈ کی طرح میڈیسن اور ہیچری چوزہ کا بھی ٹیسٹ کیا جائے، چوزہ کا ٹیسٹ ثابت کرے گاکہ اس میں کوئی وائرس تو نہیں۔