مشکوک افراد، گاڑیوں ، تھیلے یا دیگر اشیا کے ہرگز قریب نہ جائیں : الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن(جیوڈیسک)لندن متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے شہریوں سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات سے تحفظ کیلئے ہرممکن احتیاط سے کام لیں اپنے علاقوں میں مشکوک افراد، گاڑیوں اور اشیا کے قریب جانے سے گریز کریں اور اس کی اطلاع فوری طور پر پولیس وانتظامیہ کو دیں۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی اور مختلف تنظیمی شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے نصرت بھٹو کالونی میں واقع ایم کیوایم کے الیکشن کے باہر بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنان کی المناک شہادت پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔

ان سے دلی تعزیت کی۔الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی، فون چھینے جانے ، ڈکیتیوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کی وجہ سے ہی کراچی کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت شہرکے مختلف علاقوں میں بیریئرز لگائے تھے اور ان بیرئیرز کی وجہ سے جرائم اور دہشت گردی کی وارداتوں میں بھی خاطر خواہ کمی آگئی تھی۔

تاہم گزشتہ دنوں ان بیرئیرز کو توڑ کر شہریوں کو مکمل طور پر دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ان حالات میں جبکہ ریاستی ادارے عوام کاتحفظ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور دہشت گرددندناتے پھررہے ہیں میں، شہریوں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ دہشت گردی کے پے درپے واقعات کے پیش نظر ہوشمندی کا مظاہرہ کریں۔

چوکس رہیں اور دہشت گردی کے واقعات سے تحفظ کیلئے ہرممکن احتیاط سے کام لیں۔ ایم کیوایم کے کارکنان وہمدرد عوام اپنے علاقوں میں اجنبی موٹرسائیکل، کار، ڈبل کیبن گاڑی ، دیگرگاڑیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھیں ، مشکوک افراد، گاڑیوں ، تھیلے یا دیگر اشیا کے ہرگز قریب نہ جائیں اور ان سے دوررہیں۔

اس کی اطلاع فوری طورپر پولیس وانتظامیہ کو دیں۔ الطاف حسین نے مزید کہاکہ دہشت گرد عناصر بے گناہ شہریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں لہذا عوام دہشت گردی کے ممکنہ خطرے سے بچنے کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں سڑکوں اور چوراہوں پر بیٹھنے سے گریز کریں۔

انہوں نے ایم کیوایم کے ذمہ داران اور شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی تمام شہدا کے درجات بلندفرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوارلواحقین کو یہ المناک صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطافرمائے۔