ڈس انفارمیشن پھیلانے والوں کیخلاف تادیبی وقانونی کاروائی کی جائے گی ‘اے پی ایم ایل

کراچی بیگم صہبا پرویز مشرف کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے اس لئے ان کے نام سے منسوب کرکے من گھڑت خبریں پھیلانا ڈس انفارمیشن ہی نہیں بلکہ انتہائی گھٹیا اور غیر اخلاقی حر کت بھی ہے ۔ یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری شاہد قریشی نے بیگم صہبا مشرف کے حکم پر آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کی کابینہ توڑ دیئے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ الحمداللہ اے پی ایم ایل سندھ کابینہ پوری طرح منظم ہے اور اس کے تمام عہدیدار اپنے عہدوں پر برقرار رہتے ہوئے اپنے فرائض و خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کابینہ نے اس سلسلے میں پرویز مشرف کو آگاہ کردیا ہے۔

ان کی ہدایت پر آل پاکستان مسلم لیگ نے بیگم صہبامشرف سے منسوب کرکے اس قسم کے جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے بیگم صہبا مشرف کو بدنام کرنے اور اے پی ایم ایل میں اختلافات پیدا کرنے کی سازش کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور بہت جلد یہ تمام لوگ عدالت کے کٹہرے میں موجود ہوں گے ۔