ضلع گجرات میں جاری ہنگامی انسداد پولیو مہم کا پہلا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے

گجرات : ضلع گجرات میں جاری ہنگامی انسداد پولیو مہم کا پہلا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے اور پہلے دو دن کے دورا ن پا نچ سال تک عمر کے 95فیصد ٹارگٹ بچوں کو حفاظتی قطرے پلا دیے گئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیض نے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے پہلے دن 136675 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف تھا۔

جبکہ ان میں سے 129848 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوسرے دن ٹارگٹ 132734 میں سے 126270 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔ اس طرح دو روز کے دوران ٹارگٹ 269409 بچوں میں سے 256118 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔

ای ڈی او نے بتایا کہ پہلے روز 11 افراد اور درسرے دن 3افراد نے اپنے بچوں کو قطرے پلوانے سے انکار کیا تاہم پہلے روز کے پانچ اور دوسرے دن کے تمام تین افراد کو کور کرلیا گیا ہے ۔ای ڈی او نے بتایا کہ تیسرے روز ٹارگٹ بچوں کے ساتھ رہ جانے والے بچوں کو بھی حفاظتی قطرے پلانے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم اس کے باوجود قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کو فالو اپ کے دوران کور کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامی مہم کے دوسرے فیز کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا۔