اضلاع کی خبریں 17.06.2013

گوجرانوالہ (جی پی آئی) سماجی رہنما و سابق آزاد امیدوار حلقہ پی پی 94 بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں قائداعظم کی قیام گاہ پر حملہ بیرونی سازش ہے، حکومت تحقیقات کرکے اصل حقائق سامنے لائے، دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی رہائش گاہ پر حملہ بزدلانہ اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے والے خود تاریکی میں گم ہو گئے
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے والے خود تاریکی میں گم ہو گئے، عوامی مسائل سے نظر یں چرانے والوں کو عوام نے عبرتناک انجام سے دوچار کیا، مسلم لیگ ن کا منشور عوامی خدمت ہے، میاں برادران ملک کو بحرانوں سے نکال کر خوشحالی کی پٹڑی پر لے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کے دوران کارکنوں و معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان کا کہناتھا کہ بجٹ پر تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں،ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے حکومت نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ میری پہچان عوامی خادم کی ہے، حلقہ کو مثالی بنانا میرا مشن ہے، میرا موجودہ دور تعمیر و ترقی میں ریکارڈ ثابت ہوگا۔ اس موقع پر بیرسٹر عمر نواز چوہان ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر کوئٹہ اور زیارت کے سانحات کیخلاف یوم سوگ منایا گیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر کوئٹہ اور زیارت کے سانحات کیخلاف یوم سوگ منایا گیا۔مختلف مقامات پر دعائیہ اور مذمتی تقریبات منعقد کی گئیں۔مرکزی جامعہ مسجد نور میںسوگ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، قاری غلام سرور حیدری،مولانا محمد خالد حسن مجددی، قاری محمد اعظم چشتی، حافظ محمد رفیق قادری، حافظ عدیل عارف، صوفی غلام دستگیر، قاضی محمد یعقوب رضوی، ملک نصیر نقشبندی، وزیر علی بھٹی، عبدالمجید کیلانی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قائد اعظم کی قیام گاہ اور طالبات کی بس پر حملہ کھلی دہشت گردی اور لاقانونیت کی بدترین مثال اور پاکستان دشمنوں کی جانب سے کھلا اعلان جنگ ہے۔دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں نا لانا ریاست اور حکومت کی نا اہلی ہے۔اقتدار کیلئے دہشت گردوں سے ہاتھ ملانا درست نہیں حکومت دہشتگردوں کے ساتھ مذاکرات کے فریب میں آئے بغیر انہیں کچل دے۔انہوں نے مزید کہا کہ زیارت ریذیڈنسی پر حملہ قائد اعظم اور نظریہ پاکستان پر حملہ ہے۔ازلی دشمن پاکستان ہی نہیں اس کے مشاہیر کے نشانات تک مٹانا چاہتا ہے۔حکومت کو بلوچستان کے مسئلہ پر سنجدہ اقدامات کرنا ہوں گے،دہشتگردی کے خلاف ٹھوس حکمت عملی نہ بنی تو خانہ جنگی ہوگی، ملکی بقاء کیلئے شر پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے۔دہشتگردی میں ملوث ہاتھوں کو بے نقاب کرنا اور انہیں عبرت ناک سزا دینا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔انہون نے کہا کہ دہشتگردوں کے بانیان پاکستان کے تاریخی اثاثوں کو بھی نہیں بخشا۔ دہشتگردی کے خاتمے کے بغیر معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ممکن نہیں دہشتگردوں کو کچلنے کیلئے فوج سے مدد لی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صدق دل سے عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)وزیر مملکت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صدق دل سے عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے، رمضان المبارک میں لوڈ شیدنگ میں نمایاں کمی کے لئے حکومت 200ارب روپے ادائیگی کا انتظام کر رہی ہے، عوام بہت جلد اپنے خواابوں کو تعبیر کے روپ میں دیکھیں گے، عوامی فلاح کے کاموں کا صلہ صرف اللہ تعا لیٰ کی ذات ہی دے سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلی شیخ جھنڈو والی میںرشیدیہ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر انتظام دستکاری سنٹر،فری ڈسپنسری اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے الیکشن میں میاں نواز شریف پر بھرپور اعتماد کرکے مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت دلائی جس کی بدولت آج مسلم لیگ ن کی حکومت بلیک میلروںسے محفوظ ہے اور عوام کی اس محبت کی بدولت میاں نواز شریف بہت جلد عوام کی زندگیوںسے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے مٹا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ٹیم کرپٹ افسران کو اپنے اقدامات سے یہ احساس دلائے گی کہ کرپشن کی سر پرستی کرنے والوں کا دور گزر گیا اور اب ملک کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کی پٹڑی پر ڈالنے کا وقت اگیا ہے۔ اس موقع پر حاجی عبدالرئوف مغل ایم پی اے،معظم رئوف مغل،حاجی ملک اسلم،رانا طارق محمود،ضیا ء اللہ بٹ، خلیفہ منور،فاروق بھٹی، میاں محمد اکرم صدر تاجر امن کمیٹی، ملک عبدالرشید ،صادق بائی،امین سیٹھی، فاروق راٹھور، خواجہ زبیراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی حکومت کی کرپشن اور بیڈ گورننس کو ڈینگی کی وبا سے تشبیہہ دی
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے “شکریہ شہبازشریف”سیمینار کے دوران کسی کا نام لئے بغیران عناصر پر کڑی تنقید کی جو انقلاب اور تبدیلی کے نام نہاد نعرے لگاتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اسلام آباد کے حکمرانوں کی کرپشن اور بیڈ گورننس کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حسینیت اور یزیدیت کی مثالیں دے کر یا11بجے اور ایک گھنٹے کی بار بار ڈیڈ لائن کے نعرے لگا کر تبدیلی نہیں لائی جاسکتی بلکہ تاریخ کا دھارا موڑنے کے لئے محنت اور خلوص نیت سے دن رات عوام کی خدمت کرنا پڑتی ہے جس پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی کرپشن او ربیڈ گورننس کو ڈینگی جیسی وبا سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہاکہ جس طرح ڈینگی کو ناکوں چنے چبوائے گئے ہیں اسی طرح کرپشن او ربیڈ گورننس کے خلاف جہاد کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ سٹیج پر بیٹھے نوٹس بھی لیتے رہے۔انسداد ڈینگی مہم کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے وزیراعلیٰ نے خود بھی کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اورجس پر ہال میں بیٹھے شرکا نے بھی بھرپورتالیاں بجائیں۔سیمینار کے دوران انسداد ڈینگی کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے دستاویزی فلم کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر خزانہ نے ہمیشہ کی طرح عالمی مالیاتی اداروں کے مفادات اور ترجیحات کے تحفظ کا بجٹ پیش کیاہے : لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ زیارت بلوچستان میں قائد اعظم ریذیڈنسی کی تباہی قومی المیہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے۔ طالبات اور ڈی سی کوئٹہ اور اہلکاروں کی شہادتیں المناک ہیں۔ ہر گھر افسردہ اور غم میں ڈوبا ہوا ہے۔ قائد اعظم ریذیڈنسی پر حملہ محض تخریب کاری یا دہشتگردی نہیں بلکہ قائد اعظم سے پوری قوم کی محبت اور عقیدت کو زک پہنچائی گئی ہے۔ یہ کاروائی کوئی محب وطن نہیں کرسکتا۔ کوئی قوم پرست ایسی کاروائیوں میں اپنے آپ کو کیوں ملوث کرے گا۔ ملک بھر میں دہشتگردی، تخریب کاری کا ایک ہی ماسٹر مائنڈ ہے جو پاکستان کو ناکام اور لاغر ملک بنا کر خطہ میں بھارت کی تھانیداری قائم کرناچاہتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ٹریولنگ ایجنسی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر معززین اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ میں نے بلوچستان کے دورہ کے موقع پر صوبائی حکومت کومشورہ دیا تھاکہ وزیراعلیٰ تمام جماعتوں کا صوبائی سطح پر مشترکہ اجلاس بلائیں۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحات طے کریں۔ ایسے صوبائی ترجیحات چارٹر کی صوبائی اسمبلی سے منظوری لی جائے اور وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، فوج، خفیہ حساس اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے چارٹر پر عملد رآمد کا پابند بنائیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی بجٹ عوام، ملازمین، تاجر، کسان اور صنعتکار دوست ثابت نہیں ہوا۔ تہ در تہ قومی بجٹ کی خرابیاں عیاں ہو رہی ہیں۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار ناکام بجٹ کی غلطی تسلیم کریں اور از سر نو قومی بجٹ تیار کیاجائے ۔ قومی بجٹ کی موجودہ سفارشات غربت کی بجائے غریب کو زندہ دفن کردے گا۔ ملازم پیشہ افراد افراط زر، مہنگائی ، یوٹیلٹی بلوں، تیل، گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ قومی بجٹ خوابوں، بے ہودہ تصورات اور ناروا ٹیکسوں کا مجموعہ ہے۔ نئے قومی بجٹ سے ثابت ہو گیاہے کہ سابقہ جمہوری، غیر جمہوری، آمرانہ دور اقتدار کی طرح وزیر خزانہ نے ہمیشہ کی طرح عالمی مالیاتی اداروں کے مفادات اور ترجیحات کے تحفظ کا بجٹ پیش کیاہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ تنخواہیں نہ بڑھانے کا اعلان 48 گھٹنوں میں
تحلیل ہو گیا۔ تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ سرکاری ملازمین نے مسترد کردیا ہے حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوامی شدید ردعمل سے پہلے غریب عوام کو ریلیف دے وگرنہ ووٹ دینے والے عوام ہی محبوب حکومت کا دھڑن تختہ کردیں گے۔ اس وقت بھی حکومت کے حامیوں، حکومت کے حامی تاجروں صنعتکاروں کے پاس حکومتی بجٹ کے دفاع کے لیے کوئی دلیل باقی نہیں رہی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس، بجٹ 2013-14کی منظوری دی گئی
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج 90 شاہراہ قائداعظم پر پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائ، معاونین خصوصی، مشیر، چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی میزانیہ برائے مالی سال 2013-14 کی باضابطہ منظوری دی گئیـ اجلاس نے مالیاتی بل اور صوبائی میزانیہ برائے مالی سال 2012-13 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دیـاجلاس میں ترقیاتی اخراجات برائے مالی سال 2013-14اورنظر ثانی شدہ ترقیاتی بجٹ 2012-13کی بھی منظوری دی گئی۔ سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ نے کابینہ کو صوبائی میزانیہ 2013-14 کے نمایاں خد و خال سے آگاہ کیاـاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب کا مالی سال 2013-14کا بجٹ صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار اداکرے گا اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی وزراء اور سرکاری حکام وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ قوم کاایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور ہمیں وقت ضائع کئے بغیر آگے بڑھناہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے شروع کئے جانے والے
منصوبوں پر بلاتاخیر عملدرآمد کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں ٹیکس جمع کرنے کا بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے ہمیں ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنا ہے اور ٹیکس چوری کا راستہ روکنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیکس جمع کرنے والی مشینری کو درست کرناہے کیونکہ ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے اور قوم کا پیسہ کسی کی ذاتی جیب میں نہیں جانے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پنجاب حکومت صوبے میں عادلانہ اور منصفانہ نظام کے لئے ٹھوس حکمت عملی پر عمل پیرا ہوگی۔ غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کسی قسم کا ٹیکس نہیں لگایا گیا بلکہ اشرافیہ اور امراء پر ٹیکس لگایاگیاہے۔وزیراعلیٰ نے بجٹ کی تیاری میں دن رات کام کرنے پر اپنی سیاسی ٹیم، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ اور دیگرسرکاری حکام اور ان کے عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا اور پاکستان پر تین جنگیں مسلط کر چکاہے
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے اور مشکل وقت میں مدد کرنے کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بھارت نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا اور پاکستان پر تین جنگیں مسلط کر چکاہے۔ بھارت نے 1971 ء میں پاکستان کو دولخت کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا اور بھارتی وزیراعظم نے بآواز بلند پکارا تھا کہ ہم نے نظریہ پاکستان کو خلیج بنگال میں ڈبو دیا۔ پاکستان کو بنجر بنانے کے لیے پاکستانی دریائوں پر درجنوں ڈیم بنا کر پاکستان کا پانی چوری کیا جارہاہے۔ 65 سال سے کشمیری عوا م اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے برسرپیکار ہیں جن کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بھارت نے عالمی قرار دادوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کو بندوق کے زور پر غلام بنا رکھاہے اور ساڑھے سات لاکھ بھارتی
فوج مسلمانو ں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ بھارت بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کی سرپرستی اور پشت پناہی کر رہاہے جس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں ۔سابق وزیر داخلہ رحمن ملک اس کا کئی بار اظہار کر چکے ہیں۔ ان تمام سازشوں اور پاکستان کو ایک بار پھر توڑنے کے منصوبوں کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ کا بیان پاکستانی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے اور نوازشریف کو شیشے میں اتارنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔ سید منورحسن نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت کسی صورت بھی پاکستان کا دوست اور خیر خواہ نہیں ہوسکتا۔بھارت کے اندر دیگر اقلیتوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی دوسری بڑی اکثریت، مسلمانوں کی ہندوئوں نے زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ آئے روز مسلم کش فسادات میں مسلمانوں کے گھروں، دکانوں اور کاروبار کو نذر آتش کر دیا جاتاہے لیکن کوئی ان کی فریاد سننے والا نہیں۔ ہندو انتہا پسند فوج اور پولیس کی سرپرستی میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں اور طرح طرح سے مسلمانوں کو تعصب کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ ہندو انتہا پسندمسلمانوں کو ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کرنے کے لیے غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں اور ان کا نعرہ ہے کہ ہندوستان میں جس نے رہناہے ہندو بن کر رہے ورنہ یہ ملک چھوڑ دے اور پاکستان چلا جائے انہوں نے کہاکہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ لگانے والوں کی طرف سے پاکستان سے ہمدردی کا ڈھونگ رچا کر اس کے وجود کے خلاف کسی نئی سازش کا تانا بانا بنا جارہاہے ۔ سید منور حسن نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کو بھارتی سازشوں سے خبر دار رہنا چاہیے، اس سے بجلی خریدنے کے بجائے برادر اسلامی ملک ایران سے بجلی خریدنی چاہیے جس کا سابقہ حکومت کے دور میں معاہدہ ہو چکا ہے اور ایران ہماری سرحد تک ٹرانسمیشن لائن بھی بچھا چکاہے۔ ہندوئوں کی چالوں میں آ کر پاکستان کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے ہتھیاروں کے انبار لگارہاہے۔ دنیا میں اسلحے کا سب سے بڑا خریدار بھارت ہے اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت پاکستان کی مشکلات میں اضافہ تو کر سکتاہے ان مشکلات کو کم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے اگر قومی امنگوں کے خلاف بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے یا
بھارتی بالادستی قبول کرنے کی غلطی کی تو پاکستانی قوم کسی صورت حکومتی اقدامات کی حمایت نہیں کرے گی اور بھارت نواز حکومت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
توانائی کے بحران نے قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے:شوکت عزیز بھٹی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران نے قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث صنعتی اور زرعی شعبے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور تجارتی و معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ بلاشبہ توانائی کے بحران پر قابو پاکر کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اور بجلی کی کمی دور کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غربت اور بیروزگاری پر قابو پاناا ور امن و امان کا قیام مسلم لیگ ن کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
علیحدہ صوبہ بنانے کا ناٹک رچانے والوں کا عام انتخابات میں صفایا ہو گیا ہے، شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عوامی خدمت کی بدولت تاریخی مینڈیٹ ملا ہے۔سرائیکی اور علیحدہ صوبہ بنانے کا ناٹک رچانے والوں کا عام انتخابات میں صفایا ہو گیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ عوام نے خدمت، دیانت اور امانت کو کامیاب کرایا ہے۔ ہمیں آئندہ محنت، دیانت اور خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرنا ہیں۔پنجاب کو مثالی اور قابل رشک صوبہ بناناہے۔ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے توانائی بحران، کرپشن،
غربت، بیروزگاری اور مسائل سے نجات دلانے کا مینڈیٹ دیاہے۔ہمیں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے تندہی ،محنت اور سچے جذبے سے کام کرنا ہے۔پاکستان وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور معدنی دولت سے مالا مال ہے، اگر کمی ہے تو صرف عزم کی ہے۔محنت،محنت اورصرف محنت کے ذریعے ہی ملک و قوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ملک کی ترقی و خوشحالی کا راز نرم انقلاب میں مضمر ہے۔ ہم اپنی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے ذریعے یہ انقلاب برپا کریں گے۔ترجیحات کا تعین کرکے آگے بڑھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج ماڈل ٹائون میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خان، وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، وزیر زراعت فرخ جاوید، وزیر ہائوسنگ تنویر اسلم ملک، وزیر آبپاشی یاور زمان، وزیر اوقاف سید ہارون سلطان بخاری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی، چیف سیکرٹری، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس اور ڈی جی خان ڈویژن کے انتظامی و پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن و امان کا قیام اور عوام کو انصاف کی فراہمی ہماری سرفہرست ترجیحات ہیں۔ تھانہ کلچرمیں تبدیلی لائیں گے،عوام کو پٹواری اور تحصیلدار کے استحصال سے نجات دلائیں گے۔انہوںنے کہاکہ 500نئے سب انسپکٹر میرٹ پرپبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کئے جائیں گے۔ انہیں خصوصی تربیت کے بعد ایلیٹ سکول میں بھی تربیت دلائی جائے گی۔پھر انہیں مختلف تھانوں میں تعینات کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پولیس فورس میں نیاخون شامل کرکے اس کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔تھانہ کے روایتی کلچر، پٹواری کلچر اورکرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پوری دلجمعی سے کام کریں گے اور عوامی خدمت کے ایسے ریکارڈ قائم کریں گے کہ جنہیں لوگ رہتی دنیا تک یاد رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹر ائزیشن کا عظیم الشان منصوبہ سال2014میں مکمل کرلیاجائے گا جس سے شہریوں کو رشوت کے بغیرفرد ملکیت مل سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹر ائزیشن منصوبے میں کسی قسم کی رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائیں گی اور عوامی فلاح کے اس منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کریں گے۔ انہوں نے
کہاکہ عوام کوبیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی اور صوبے بھر کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ غریب عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اسی سال اجراء کیاجارہاہے۔ ابتدائی طور پر جنوبی پنجاب کے دو اضلاع، وسطی اور شمالی پنجاب کے ایک ایک ضلع سے اس سکیم کا آغاز کیاجارہاہے۔ ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجرا عوامی خدمت کا انقلابی پروگرام ہے جس سے ہمیں مل جل کر آگے بڑھانا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ پانچ سالہ دور اقتدار عوام کی ترقی و خوشحالی اور انصاف کا دور دورہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری افسران کو عوام کا خادم بنناہوگا۔ قابل،محنتی اور خدمت خلق کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی ستائش کی جائے گی جبکہ عوامی خدمت میں دلچسپی نہ رکھنے والے افسران کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں۔کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، دھونس اور دھاندلی کا خاتمہ کیا جائے گا، تقرر اور تبادلوں کے لئے دہرا معیار نہیں اپنایا جائے گا۔ تمام تقرریاں میرٹ پر ہوں گی، اچھی طرز حکمرانی کے نئے معیار قائم کریں گے،پولیس کے نظام،تعلیم،صحت او ر دیگر شعبوںمیں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے ضلع کی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ کابینہ کمیٹی بھی بنائی جائے گی جو سارے عمل کی نگرانی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ آفس کے اخراجات میں 30 فیصد کمی کی جارہی ہے، نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی برقرار رہے گی۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہاکہ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دیں گے۔ پالیسیاں سیاسی لوگ بنائیں گے جبکہ ان پر عملدرآمد کو بیور وکریسی یقینی بنائے گی۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری افسران، عوام کے منتخب نمائندوں کا احترام یقینی بنائیں اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اراکین اسمبلی سے مکمل تعاون کریں۔انہوںنے کہا کہ بیورو کریسی اور سیاسی افراد کو ایثار، قربانی اور محنت کے جذبوں کے ساتھ پنجاب کو مثالی صوبہ بناناہے۔ ہماری سوچ اور مطمع نظر
ایک ہی ہے کہ مل کر صوبے کے عوام کی قسمت بدلناہے اور پنجاب کو خوشحال صوبہ بناناہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے جو ہمیں تاریخی مینڈیٹ دیاہے اسے غنیمت جانتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکربجالاتے ہوئے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا اور سول سوسائٹی کی نظریں ہم پر لگی ہیں،ہمیں ہرصورت کارکردگی دکھانا ہے۔عوام بجلی کے بحران سمیت تمام مسائل سے نجات چاہتے ہیں اور ہمیں اس جانب تیزی سے آگے بڑھناہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت بجلی چوری کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار اداکرے گی اور کوئلے، پن بجلی،گنے کے پھوگ اور شمسی توانائی کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جائیں گے۔جعلی ادویات اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائیں گے اورایک ٹیم کے طور پرعوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لئے کام کریں گے۔انہوںنے کہاکہ وزراء بااختیار ہوں گے،اختیارات کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی ذمہ داریاں بھی نبھاناہوں گی۔ایسے کام جو وزراء کی سطح پر حل کئے جاسکتے ہیں اگر اراکین اسمبلی میرے پاس لیکر آئے تو سمجھوں گا کہ متعلقہ وزیرکی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوامی خدمت کے ریکارڈ کے حوالے سے خود کو اور صوبائی وزراء کو بھی پیش کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی وزراء عوام کے لئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں اور ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام نے ہم پر جو اعتماد کیاہے،اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کا احساس محرومی دور کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ سرائیکی صوبہ بنانے کے دعویداروں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے کیونکہ عوام ان کے ناٹک سے بخوبی آگاہ تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے اسمبلی میں سنجیدگی سے قراردادیں پاس کیں، قومی کمیشن بنانے کی ضرورت پر زور دیا جو نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تما م امور طے کرے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے دن رات ایک کرکے متاثرین کی مدد کی۔ یہی وجہ ہے کہ ان علاقوں کے لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کو یاد رکھا اور اسے تاریخی کامیابی دلائی۔ صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے
کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ولولہ انگیز قیادت اور عوامی خدمت کی بدولت پارٹی کو شاندار کامیابی ملی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب کے دوران شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے دکھوں پر جس طرح مرہم رکھا،لوگ اسے آج تک یاد رکھے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم صوبے سے کرپشن کے خاتمے اور عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ بعض پروزیراعلیٰ نے فوری طور پر احکامات جاری کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) کی جیت میں کارکنوں کا کردار کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا: حمزہ شہباز
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہیںـ پارٹی قیادت اپنے کارکنوں کی بے حد قدر کرتی ہے اور اسے اپنے کارکنوں کی محبت، خلوص اور وفاداری پر فخر ہےـ حالیہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی جیت میں اس کے کارکنوں کا متحرک اور پرجوش کردار کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتاـ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج شہر کے مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں کے گھروں میں جا کر ان کے وفات پا جانے والے عزیز و اقارب کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور اظہار تعزیت کے موقع پر کیاـ حمزہ شہباز پارٹی کے دیرینہ کارکن سابق ناظم طارق صابری کی رہائش گاہ واقع گلشن راوی پہنچے جہاں انہوں نے طارق صابری کے بیٹے فیضان طارق
کی عیادت کی او راس کی جلد صحت یابی کی دعا کیـ حمزہ شہباز بعد ازاں ساندہ میں محسن ارشد کے گھر گئے او ران سے ان کی نانی کی وفات پر اظہار تعزیت کیاـ حمزہ شہباز نے آؤٹ فال روڈ پر محمد علی چغتائی کے گھر پہنچ کر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر بھی اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کیـ بعد ازاں مسلم لیگی رہنما اندرون بھاٹی گیٹ گئے جہاں انہوں نے پارٹی کارکن یسین گجر کی والدہ اور اسد بھٹی و شعیب فضل کی ہمشیرہ گان کے انتقال پر افسوس و غم کا اظہار کیاـ حمزہ شہباز گیس کالونی برانڈرتھ روڈ بھی پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی کارکن محمد شعیب کی بہن کے انتقال پر ان سے تعزیت کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعاکیـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مظفر گڑھ میں 6 سالہ بچی پر کتے چھوڑنے کے واقعہ کا سخت نوٹس
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقہ بیٹھ میر ہزار میں 6 سالہ بچی زبیدہ پر کتے چھوڑنے کے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بچی پر کتے چھوڑنے والوں کے خلاف فی الفور کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ بچی کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزم خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، سزا سے نہیں بچ پائیں گے
اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت کے پاس دہشت گردی اور ملکی مسائل سے نمٹنے کیلئے کوئی میکنزم نہیں : عابد حسین صدیقی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے پاس دہشت گردی اور ملکی مسائل سے نمٹنے کیلئے کوئی میکنزم نہیں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک میں جاری بجلی کا بحران حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی جب تک ملک میں توانائی بحران اور امن و امان کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی وجہ سے 1996ء کے بعد کوئی سرمایہ کار اپنا سرمایہ نہیں لگا رہا بلکہ یہاں پر پہلے سے موجود سرمایہ کار بنگلہ دیش، سری لنکا اور جنوبی کوریا بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا حکومت کو دہشت گردوں کو سختی سے کچلنا ہوگا۔ بھرپور طاقت کا استعمال کر کے دہشت گردی کیخلاف اقدامات کئے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ کے خطاب سے متاثر ہوکر لیہ کے ایم پی اے کاذاتی خرچ سے فری بس چلانے کا اعلان
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 9ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کے ساتھ ملاقاتوںکا سلسلہ آج جنوبی پنجاب کے ڈویژن ڈیرہ غازی خان سے شروع کیا۔90شاہراہ قائد اعظم پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء اور ارکان صوبائی اسمبلی سے پہلی ملاقات کی۔ اس موقع پرجب وزیراعلیٰ خطاب کررہے تھے کہ ارکان اسمبلی عوام کی خدمت کے لئے شب و روز ایک کردیں اور تاریخی مینڈیٹ کو عوامی خدمت کے مینڈیٹ میں بدل دیں۔ وزیراعلیٰ کی اس بات کو سراہتے ہوئے لیہ شہر سے تعلق رکھنے
والے ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد اپنی نشست سے کھڑے ہوگئے اور اعلان کیا کہ وہ اپنے ذاتی خرچ سے شہر میںفری بس چلائیں گے اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی خراب مشینری کو درست کروائیں گے۔ جس پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ وہ عوامی خدمت اور ایثا رکا جذبہ ہے جس پر ہم سب کو کاربند رہناہے۔ وزیراعلیٰ اور ارکان اسمبلی نے چوہدری اشفاق احمد کے اعلان کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایم پی اے نگہت شیخ کی جانب سے بس ہوسٹس پر تشدد قابل مذمت ہے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ونومنتخب رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ محکمہ انہار نارنگ منڈی میں سینکڑوں بیلداروں کو ایک سال سے تنخواہیں نہیں ملیں۔ملازمین کے گھروں میں فاقے کررہے ہیں۔پنجاب حکومت ان ملازمین کی تنخواہیں دلوانے کے سلسلے میں فوری اقدامات کرے اورمجرمانہ غفلت کامظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں ڈاکٹر سید وسیم اخترکی طرف سے تحریک التواء بھی جمع کروادی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے غریب عوام کے مسائل کو حل کرناصوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہئے۔کسانوں اور مزدوروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ رہی سہی کسر لوڈ شیڈنگ نے پوری کردی ہے۔وزیر اعلیٰ صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اپنی حکمت عملی واضح کریں۔ انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔عوام کو جان ومال کا تحفظ حاصل نہیں۔لاکھوں کروڑوں کے ڈاکے روزکا معمول بن چکے ہیں۔صوبے کے 10 کروڑ عوام کو تھانہ کلچر میں بہتری لاکر محفوظ مستقبل کا احساس دلایا جاسکتا۔ سابقہ دور میں نظر انداز کیا جانے والا شعبہ زراعت پر بھر پور انداز میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔کسانوں کے مسائل
ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔پنجاب اس وقت تک ہرابھرا اور خوشحال نہیں ہوسکتا جب تک کسان خوشحال نہیں ہوجاتا۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے(ن)لیگ کی ایم پی اے نگہت شیخ کی جانب سے بس ہوسٹس پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص آئین وقانون سے بالاتر نہیں۔صوبے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کاقانون رائج ہے۔آئی جی پنجاب واقعہ کی رپورٹ جلد پیش کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ کے دلچسپی فقروں پر شرکا ء مسکرا دیئے
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف پنجاب کابینہ کے اجلاس کے دوران انتہائی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے اور انہوں نے بجٹ کی سنجیدہ بحث کے دوران کچھ ایسے فقرے کہے کہ جس سے اجلاس کے شرکاء مسکرا ئے بغیر نہ رہ سکے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران بجٹ کے حوالے سے بعض ٹیکنیکل ٹرمز کی خود بھی وضاحت۔ مخصوص جائیداوں پر لگثرری ٹیکس لگانے کے حوالے سے تفصیلی بحث ہوئی جس پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ وقت آچکا ہے کہ عام آدمی کو یہ احساس دلایاجائے کہ ٹیکس اشرافیہ کو دینا پڑے گااور یہ ٹیکس عادلانہ معاشرے کے قیام کی جانب ایک قدم ہے۔ وزیراعلیٰ نے لگژری ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے ٹھوس دلائل دیئے۔ ایک موقع پر جب سیکرٹری خزانہ بریفنگ دے رہے تھے تو مائیک بند ہوگیا جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کے خلاف سازش ہورہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں ٹیکس کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا کہ ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں وہاں پر بلیک اکانومی بھی موجود ہے اگر ہر شخص ایمانداری سے ٹیکس دے تو وسائل میں بے پناہ اضافہ ہوسکتاہے۔سادگی اورکفایت شعاری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اجلاس کے شرکاء کی تواضع صرف چائے سے کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قائد کی ریذیڈنسی پر حملہ سے روح زخمی ہوئی ، مسلم لیگ پنجاب
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے زیر اہتمام مسلم لیگ ہائوس میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ریذیڈنسی پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سینئر راہنمائوں میاں محمد منیر ،میاں عبدالستار ایڈووکیٹ، خواجہ طاہر ضیاء، سیمل کامران، عالمگیر ایڈووکیٹ، سجاد بلوچ، رانا محمد ریاض نصیر آرائیں،راجہ اظہرودیگر نے کہا کہ قائد کی ریذیڈنسی پر حملہ سے روح زخمی ہوئی دہشت گرد پہاڑوں کے اوپر ہوں یا پہاڑوں کے اندر انہیں ریاستی طاقت کے ذریعے کچل دینے اور عبرت کا نشان بنا دینے کا وقت آگیا، ق لیگ کے راہنمائوں نے وفاقی حکومت اور بلوچستان کی صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا قومی وقا ر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو کٹہرے میں لایا جائے حملہ منظم ساز ش کے تحت ہوا، غیر ملکی ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اجلاس میں کوئٹہ میں میڈیکل کالج میں دہشت گردی اور معصوم طالبات کی شہادت پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجٹ نے غریب عوام کا بھر کس نکال دیا، یا سر گیلانی
لاہور (جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لاہو ر کے نائب صدر یاسر گیلانی نے گذشتہ روز شاہدرہ آفس میں پارٹی کارکنان کا اجلاس منعقد کیا۔انکا کہنا تھا کہ کاغذی شیروں نے اقتدار میں آتے ہی ہر طرف مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے۔حالیہ بجٹ نے غریب عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت کے خلاف لوگ ابھی سے سڑکوں پر نکلنا شروع ہو گئے ہیں۔میاں مبشر یعقوب، میاں سرفراز ووٹو، تبریز خان، ملک مصباح، میاں اقبال، ابوبکر عظیم، عمر دراز جٹ، یونس کاہلوں، عدیل جٹ سمیت علاقے کی متعدد معزز شخصیا ت نے اجلاس میں شرکت کی۔ یاسر گیلانی نے مزیدکہا کہ غریبوں پر ٹیکس لگا کر حکومت نے اپنے پائوں پر آپ کلہاڑی مار لی ہے۔غریبوں پر ٹیکس لگانا اور امیروں کو چھوٹ دینا حکومت کی غریب عوام دشمنی کا منہ کھلا ثبوت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بولان میڈیکل کی بس پر حملہ بہت ہی افسوسناک اور بہت بڑا المیہ ہے:قاضی احمد سعید
لاہور( جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بولان میڈیکل کی بس پر حملہ بہت ہی افسوسناک اور بہت بڑا المیہ ہے اور موجودہ حکومت کے لئے پوری دنیا میں ذلت کا باعث بھی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ماضی میں اور مستقبل میں بھی ان دہشتگردوںکے خلاف موجودہ حکومت سے ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے اور جو لوگ ان واقعات کے ذمہ دار ہیں ان کو سزادینے کے لئے ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے آج بھی تیار ہے۔ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کیا ہے اوربڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا وہ اب بھی ان لوگوںکا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قائد اعظم کی رہائش گاہ پر حملہ مسلم لیگ کے نام پرقائم حکومت کے لیے ٹیسٹ کیس ہے ماجدہ زیدی
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی جنرل سیکرٹری ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے نام پر قائم دور حکومت میں بانی پاکستان کی ریذیڈنسی پر دہشت گرد حملہ حکمرانوں کے لیے ٹیسٹ کیس ہے ، انہوں نے دہشت گردی کے مذموم واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی، مسلم لیگ ہائوس میں شعبہ خواتین کے ہنگامی اجلاس میں بیگم حامد رانا، کنول نسیم، ثروت رضا، تبسم ناز، صائمہ گل، رخسانہ، نذیراں بی بی نے شرکت کی، ماجدہ زیدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس جماعت کی ایم پی اے خواتین پبلک ٹرانسپورٹ میں دہشت گردانہ حرکتیں کر رہی ہوں اور شہریوں کا جینا دوبھر کر رہی ہوں ایسی جماعت نے خاک ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی ختم کرنی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کوئٹہ میں ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کی ہے
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے نائب صدر زرعی انجینئر رانا محمد سعید اختر اور سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کوئٹہ میں ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا یہ دہشتگردی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے گھنا ئونے واقعات میں سے ایک ہے۔ قائداعظم کی رہائشگاہ پر حملہ ایسے ہی ہے جیسے پاکستان پر حملہ ہے۔ کوئٹہ کی ریزیڈنسی پاکستان کی شناخت تھی اور پاکستان کی شناخت کو ختم کرنے کے لئے یہ کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا قائداعظم محمد علی جناح خود اس میں رہتے رہے ہیں اور ان کی ذات سے کسی کو اختلاف نہیں ہے۔ قائداعظم کی آخری رہائشگاہ پر حملہ ایک قومی المیہ ہے۔انہوں نے کہا اب سب سیاسی جماعتوں کو مل کر اس واقعہ کے ذمہ دار دہشتگرد وں کا سدباب کرنا چاہیے اور ان کو شکست دینی چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر خزانہ نے ہمیشہ کی طرح عالمی مالیاتی اداروں کے مفادات اور ترجیحات کے تحفظ کا بجٹ پیش کیاہے: لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ زیارت بلوچستان میں قائد اعظم ریذیڈنسی کی تباہی قومی المیہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے ۔ طالبات اور ڈی سی کوئٹہ اور اہلکاروں کی شہادتیں المناک ہیں ۔ ہر گھر افسردہ اور غم میں ڈوبا ہوا ہے ۔ قائد اعظم ریذیڈنسی پر حملہ محض تخریب کاری یا دہشتگردی نہیں بلکہ قائد اعظم سے پوری قوم کی محبت اور عقیدت کو زک پہنچائی گئی ہے۔ یہ کاروائی کوئی محب وطن نہیں کرسکتا۔ کوئی قوم پرست ایسی کاروائیوں میں اپنے آپ کو کیوں ملوث کرے گا۔ ملک بھر میں دہشتگردی، تخریب کاری کا ایک ہی ماسٹر مائنڈ ہے جو پاکستان کو ناکام اور لاغر ملک بنا کر خطہ میں بھارت کی تھانیداری قائم کرناچاہتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ٹریولنگ ایجنسی
کی افتتاحی تقریب کے موقع پر معززین اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ میں نے بلوچستان کے دورہ کے موقع پر صوبائی حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وزیراعلیٰ تمام جماعتوں کا صوبائی سطح پر مشترکہ اجلاس بلائیں۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحات طے کریں۔ ایسے صوبائی ترجیحات چارٹر کی صوبائی اسمبلی سے منظوری لی جائے اور وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، فوج، خفیہ حساس اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے چارٹر پر عملد رآمد کا پابند بنائیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی بجٹ عوام، ملازمین، تاجر، کسان اور صنعتکار دوست ثابت نہیں ہوا۔ تہ در تہ قومی بجٹ کی خرابیاں عیاں ہو رہی ہیں ۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار ناکام بجٹ کی غلطی تسلیم کریں اور از سر نو قومی بجٹ تیار کیا جائے۔ قومی بجٹ کی موجودہ سفارشات غربت کی بجائے غریب کو زندہ دفن کردے گا ۔ ملازم پیشہ افراد افراط زر ، مہنگائی، یوٹیلٹی بلوں، تیل، گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ قومی بجٹ خوابوں، بے ہودہ تصورات اور ناروا ٹیکسوں کا مجموعہ ہے۔ نئے قومی بجٹ سے ثابت ہو گیاہے کہ سابقہ جمہوری، غیر جمہوری، آمرانہ دور اقتدار کی طرح وزیر خزانہ نے ہمیشہ کی طرح عالمی مالیاتی اداروں کے مفادات اور ترجیحات کے تحفظ کا بجٹ پیش کیاہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ تنخواہیں نہ بڑھانے کا اعلان 48 گھٹنوں میں تحلیل ہو گیا۔ تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ سرکاری ملازمین نے مسترد کردیا ہے حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوامی شدید ردعمل سے پہلے غریب عوام کو ریلیف دے وگرنہ ووٹ دینے والے عوام ہی محبوب حکومت کا دھڑن تختہ کردیں گے۔ اس وقت بھی حکومت کے حامیوں، حکومت کے حامی تاجروں صنعتکاروں کے پاس حکومتی بجٹ کے دفاع کے لیے کوئی دلیل باقی نہیں رہی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امت مسلمہ کا طاقتور حصہ ہونے کے ناطے میری یہ ذمہ داری ہے
اسلام آباد (جی پی آئی) قائد ملت جعفریہ پاکستان و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ اتحاد وحدت اخوت بھائی
چارے کا فروغ قرآنی و نبوی فریضہ ہے امت مسلمہ کا طاقتور حصہ ہونے کے ناطے میری یہ ذمہ داری ہے کہ امت واحدہ کے تصور کو اجاگر کرکے تمام مسلمہ اسلامی مکاتب فکر کے مابین اتحاد و وحدت ایجاد کروں پہلے متحدہ مجلس عمل اور اب ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے یہ ذمہ داری ادا کررہا ہوں ہم اس ملک کے حصہ دار ہیں ریاست اورنے میرے اور میرے آباء اجداد کو مذہبی آئینی قانونی شہری حقوق اور جانی و مالی تحفظ کی ضمانت دی تھی مگر میرے بچوں کو شناخت کرکے بسوں سے اتار کر بے دردی سے شہید کیا گیا سانحہ چلاس سانحہ کوہستان اور سانحہ گیاری سیکٹر کے شہداء پر قوم کو فخر ہے’ انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ذمہ دار مہذب اور قانو ن پسند شہری ہیں شمالی علاقہ جات کے تمام مکاتب و مسالک کے درمیان مثالی وحدت کا سہرا علماء کرام کے سر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے روندو میں اتحاد ملت کانفرنس سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراسکردو کے امام جمعہ علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی سربراہی میں علامہ ساجدنقوی کا فقید المثال استقبال کیا گیا سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس میں انہیں جلسہ گاہ تک لایا گیا اور تمام مکاتب و مسالک کے علمائے کرام عمائدین ملت اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی اور علامہ ساجد نقوی کی اتحاد و وحدت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ علامہ ساجد نقوی نے بعض شہداء کے گھروں میں بھی تعزیت کے ساتھ ساتھ المصطفی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا اتحاد ملت کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ کہ ملک میں جاری بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ شیعہ سنی مسئلہ نہیں بلکہ یہ کرائے کے لوگوں کا کام ہے۔ ستم ظریفی کی انتہا ہے کہ ملک میں فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ تشدد کو ابھارنے اور تشیع کو دیوار سے لگانے کے لئے ریاست کا سرمایہ صرف کیا گیا حالانکہ اس طرز سے ملک کو چلانا کسی طور بھی دانشمندی نہیں علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ ہم آنکھیں بند کرکے چلنے والے لوگ نہیں بلکہ ہماری حالات پر نظر ہے۔ ہمیں اس ملک کی سالمیت اور بقا عزیز تر ہے کیونکہ ہم یہاں مہمان نہیں بلکہ اس ملک کے حصہ دار ہیں اس کی بنیادوں میں ہمارے آباء واجداد کا خون شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری
حب الوطنی ہم سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہوں چنانچہ اسی تناظر میں ہم نے حکمت عملی کے ذریعہ تکفیری گروہوں کو ہر میدان میں مقابلہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
افغانستان میں لگی آگ نے خیبر پختونخواہ کے بعد بلوچستان کا رخ کرلیا ہے۔ محمد شاہد غوری
راولپنڈی، اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ افغانستان میں لگی آگ نے خیبر پختونخواہ کے بعد بلوچستان کا رخ کرلیا ہے۔ بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعات میں بیرونی ہاتھ خارج از امکان قرار نہیںدیاجاسکتا۔بلوچوں کو قومی دھارے میں لاناملک دشمن طاقتوں کو ایک آنکھ نہیں بھارہا۔ لہذا ملک کو عدم استحکام سے دوچار رکھنے کے لیے تخریب کاروں اور دہشت گردوں کی سرپرستی کی جارہی ہے۔ قائد اعظم کی ریزیڈنسی ،بولان میڈیکل کمپلیکس اور طالبات کو نشانہ بنانے والے بھی غیر ملکی ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں۔ قائد اعظم کی ریزیڈنسی پر حملہ پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملہ ہے۔ کوئی محب وطن ایسی گھٹیا حرکت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ پوری قوم کو دہشت گرد عناصر کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہو گا۔ نئی حکومت سیاسی مصلحتوں سے باہر نکل کر مجرموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے عمرہ کی ادائیگی سے واپسی مبار کبادپیش کرنے کیلئے آنیوالے علماء ومشائخ،سیاسی ومذہبی رہنمائوں اورکارکنان کے مختلف وفود سے مرکزاہلسنت پرملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محمدشاہدغوری نے کہا کہ زیارت میں قائداعظم محمد علی جناح کی رہائشگاہ، کوئٹہ میں طالبات کی بس اور بولان میڈیکل کمپلیکس کی ایمر جنسی میں دھماکوں جیسے واقعات قومی سانحات ہیں۔ حکومت ان واقعات کی تحقیقات کیلئے صرف کمیٹیاں بنانے پر اکتفا کرنے کی بجائے انکی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ حکومت، قومی سلامتی کے ادارے، خفیہ ایجنسیاں اور قانون
نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے نیٹ ورک کو توڑنے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے کمربستہ ہوجائیں۔ اس موقع پر محمد شاداب رضا نقشبندی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی مداخلت کی وجہ سے ملکی حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں۔ حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کوبار بار پائوں تلے روندا جارہاہے۔ جب تک ہم امریکی غلامی سے چھٹکارہ حاصل نہیں کرلیتے ملکی حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔