لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے طلاق یافتہ خواتین کےبچوں کو “ب” فارم جاری نہ کرنے پر ریجنل ڈائریکٹر نادرا سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ہربنس پورہ کی بشریٰ کی درخواست پر سماعت کی ۔ بشریٰ بی بی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نادرا حکام بچوں کا “ب” فارم جاری کرنے کیلئے سابق شوہر کا شناختی کارڈ مانگتے ہیں ۔ طلاق ہونے کے بعد سابق شوہر کا شناختی کارڈ کیسے حاصل کروں ، نادرا کو بیٹیوں کا “ب” فارم جاری کرنے کا حکم دیا جائے ۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیا کہ بادی النظر میں شہریوں کو پریشان کرنا نادرا کی پالیسی بن چکا ہے ، عدالت نے ریجنل ڈائریکٹر نادرا سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا ۔