ڈنگہ کی خبریں 19.05.2013

ڈنگہ : معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے میں میڈیا نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے،چوہدری جعفر اقبا ل ایم این اے

ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب ایم این اے حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے اپنے ڈیرہ ڈنگہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے میں میڈیا نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انشاء اللہ تعالیٰ پاکستان مسلم لیگ ن عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی ۔ عوام نے جو مینڈیٹ مسلم لیگ ن کو دیا وہ عوام کا مسلم لیگ ن کے ساتھ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو حلقہ این اے 106 کی غیور عوام نے جس طرح مخالف سیاستدانوں کو مسترد کر کے جمہوریت کے حق میں فیصلہ دیا ہے اہل علاقہ کے غیور عوام مبارکباد کے حق دار ہیں ۔ ن لیگی قیادت تمام بحرانوں پر قابو پا کر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے الیکشن مہم شروع کرنے سے قبل ہی واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ حلقہ کے عوام باشعور ہوچکے ہیں اور اب وہ کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ،اور ہرقسم کے پروپیگنڈے کو مسترد کرکے ہماری کامیابی میں اپنا اہم کردار اداء کریں گے، حلقہ کے عوام کی محبتیں اور ان کا اعتماد ہمارے اوپر عوام کا بہت بڑا احسان اور قرض ہے اور عوام کی ان محبتوں کا یہ قرض ہماری نسلیں بھی اتاریں تو تب بھی ممکن نہیں انشاء اللہ حکومت بنتے ہی تمام رکے ہوئے ترقیاتی منصوبے تکمیل پذیر کروانے کیساتھ ساتھ حلقہ کیلئے میگا پراجیکٹس اور تعمیرو ترقی کے بڑے منصوبے شروع کروائیں گے ،عوام نے ملک لوٹنے والے ٹولے اور ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی روکاوٹ زرداری ٹولے کو پوری طاقت سے مسترد کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کی غیور عوام اپنی ترقی کا ضامن صرف و صرف پاکستان مسلم لیگ ن اور میاں محمد نواز شریف کو سمجھتے ہیں ،شیر کی فتح درحقیقت پاکستانی عوام ،ترقی ،خوشحالی کی فتح ہے ۔اور کرپشن ،اقرباء پروری،لوٹ مار،لاقانونیت ،مہنگائی،لؤڈ شیڈنگ پر مشتمل کرپٹ ٹولے کو پاکستان کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے نشان عبرت بنا دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ:گورنمنٹ پرائمری سکول ریلوے اسٹیشن ڈنگہ نمبر 2 میں چوری کی واردات
ڈنگہ ( محمد بلال احمد بٹ)گورنمنٹ پرائمری سکول ریلوے اسٹیشن ڈنگہ نمبر 2 میں چوری کی واردات ۔ نامعلوم چور تالے توڑ کر سکول کے پنکھے اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ۔ مقدمہ درج ۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول ریلوے اسٹیشن ڈنگہ نمبر 2 میں گزشتہ رات نا معلوم چور سکول کے تالے توڑ کر 2 عدد پیڈسٹل فین اور ایک عدد چھت کے پنکھے کے علاوہ دیگر ضروری سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ سکول انتظامیہ کی طرف سے چوری کی اس واردات کی درخواست اندراج مقدمہ کے لیے تھانہ ڈنگہ میں دے دی گئی ہے ۔ سکول میں چوری کی اس واردات کی وجہ سے ننھے منے معصوم طلبہ اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گزشتہ دن شدید گرمی میں پنکھوں کے بغیر گزارا اور ان کے تدریسی معاملات شدید متاثر ہوئے ، سماجی حلقوں نے محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول میں چوری کی اس واردات کا فوری نوٹس لے کر نا معلوم چوروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور سکول انتظامیہ کی ڈیمانڈ کے مطابق فوری طور پر انہیں پنکھے اور دیگر سامان مہیا کیا جائے تاکہ شدید گرمی میں نونہالانِ وطن پرسکون طریقہ سے اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
ْ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ میں منشیات فروشی عروج پر ، بار بار خبروں کی اشاعت کے باوجود پولیس خاموش تماشائی
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ) ڈنگہ میں منشیات فروشی عروج پر ، بار بار خبروں کی اشاعت کے باوجود پولیس خاموش تماشائی ، لوگوں کے گھروں کے گھر تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ۔ سماجی ، سیاسی تنظیموں اور عوامی نمائندگا ن کی پر اسرار خاموشی ، تفصیلات کے مطابق ڈنگہ میں متعدد میڈیکل سٹوروں اور منشیات کے اڈوں پر کھلم کھلا چرس ، ہیروئن ، گانجا ، افیون نشہ آور گولیوں اور ٹیکوں کی فروخت کی جار ہی ہے ۔ جس کی وجہ سے ڈنگہ میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور متعدد میڈیکل سٹوروں اور منشیات فروشی کے اڈوں پر نشئی افراد کی بہت بڑی تعداد دیکھنے میں آتی ہے اور میڈیا کی طرف سے بار بار نشاندہی کے باوجود پولیس ناگزیر وجوہات کی بنا پر پر اسرار خاموشی اختیار کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہے ۔ علاوہ ازیں ڈنگہ کی سیاسی سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندگان کی طرف سے بھی اس اہم اور سنگین نوعیت کے عوامی مسئلے پر خاطر خواہ ردِ عمل سامنے نہیں آرہا ہے ۔ جس کی وجہ سے منشیات فروشوں کو لوگوں کے گھر برباد کرنے کی کھلی چھٹی مل چکی ہے ۔ سماجی حلقوں نے DCO گجرات ، DPO گجرات ، EDO گجرات سمیت دیگر اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر فِل فور ایکشن لیتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف مئوثر کاروائی کی جائے تاکہ عوام کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب ایم این اے حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے اپنے ڈیرہ ڈنگہ پر مصروف ترین دن گزارا
ڈنگہ ( محمد بلال احمد بٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب ایم این اے حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے اپنے ڈیرہ ڈنگہ پر مصروف ترین دن گزارا۔ سارا دن مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھارہا ۔ ڈنگہ اور حلقہ این اے 106 کے گردونواح سے مختلف وفود نے چوہدری جعفر اقبال کے ڈیرہ ملاقاتیں کیں اور کامیابی پر ڈھیروں مبارکبادیں دیں اور اس خوشی میں ان کے چاہنے والوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں ، تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن مسلم لیگ کے نو منتخب ایم این اے حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے اپنے ڈیرہ ڈنگہ پر مختلف وفود سے ملاقاتیں ، مبارکبادیں اور تحائف وصول کیے علاوہ ازیں حلقہ کی کثیر تعداد نے اپنے معاشرتی مسائل پیش کیے ۔ چوہدری جعفر اقبال نے مختلف وفود کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مسلم لیگ ن بہترین حکمتِ عملی سے ملکِ پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی ۔ انشاء اللہ تمام مسائل کا حل جلد ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں ووٹ دینے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کا ایک ایک ووٹ بہت قیمتی ہے ۔ اور ہم آپ کے ووٹ کا بھرپور حق ادا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :چوہدری جعفر اقبال اور چوہدر ی محمد اشرف دیونہ کے ہمراہ لاہور میں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال کی،نومنتخب ایم پی اے حلقہ پی پی 112 چوہدر ی محمد اشرف دیونہ کے ہمراہ لاہور میں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات،چوہدری جعفراقبال اور چوہدری محمد اشر ف دیونہ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ رائے ونڈ میں میاں برادران کے ساتھ نماز جمعہ اداء کی اور اسکے بعد میاں برادران کی طرف سے دیے گے ظہرانے میں ضلع گجرات میں مسلم لیگ ن کی شاندار کامیابی سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ چوہدری جعفر اقبا ل نے پارٹی کے مشکل ترین دور میں بھی جس ثابت قدمی سے پارٹی کے ساتھ وفاداری کا مظاہر ہ کیا اسکی مثال نہیں ملتی ،انکی مسلسل محنت اور لگن سے ضلع گجرات میں مسلم لیگ ن کو تاریخ ساز کامیابی نصیب ہوئی ،اور بلاشبہ اس کا کریڈٹ چوہدری جعفر اقبال ،چوہدری محمد اشرف دیونہ سمیت مسلم لیگ ن کے عہدیدارن اور کارکنا ن کو جاتا ہے ،چوہدری جعفر اقبال کی خدمات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انشاء اللہ چوہدری جعفر اقبال پارٹی میں ہمیشہ اپنے اہم ترین کردار اداء کرتے رہیں گے۔اس ملاقات میں چوہدری جعفر اقبال ،چوہدری محمداشرف دیونہ کے ہمراہ چوہدری افضال احمد دیونہ ،چوہدری شبیر احمد ،رضوان اشرف دیونہ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔باخبر حلقوں کی طرف سے توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ چوہدری جعفر اقبال کی پارٹی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو کسی اہم ترین وزارت کا قلم دان سونپا جاسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ ،مہنگائی،خاندانی دشمنیوں کا خاتمہ،دہشت گردی ،بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کریںگے،چوہدری جعفر اقبال
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)نومنتخب رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی قیادت نے میری خدمات کو جس طریقے سے عزت بخشی اور حلقہ کے عوام نے اس الیکشن میں جن محبتوں سے نواز کر میر ا مان بڑھایا میں تا عمر اپنے قائدین اور حلقہ کے عوام کا احسان مند رہوں گا ،لوگو ں نے جس طریقہ سے میرے قائدین اور مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا اس سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ مسلم لیگ ن ہی پاکستان کے عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق رکھتی ہے اور انشاء اللہ حکومت ساز کے فوراً بعد ملک کے تمام بحرانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔میرے قائدین اور پارٹی نے جوبھی ذمہ داری مجھے سونپی انشاء اللہ حسب سابق پوری ایمانداری کیساتھ پورا کرنے کی کوشش کروں گا،اور اپنے حلقہ کے عوام کی محبتوں کا جواب ان کی خدمت سے دونگا،اپنے حق نمائندگی اداء کرنے کی ہرممکن کوشش کرونگا اور اپنے حلقہ سمیت پورے ملک میں میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ ،مہنگائی،خاندانی دشمنیوں کا خاتمہ،دہشت گردی ،بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کریںگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :حلقہ کے عوام کے ساتھ اٹوٹ رشتہ قائم ہے ہماری سیاست کا مقصد اپنے حلقہ کے عوام کے مسائل کو ہر فورم پر اُجاگر کرنا ہے،چوہدری اعجاز احمد رنیاں
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)مسلم لیگ ق کے رہنما سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہماری عوامی خدمت کا مشن جاری ہے اور حلقہ کے عوام کے ساتھ اٹوٹ رشتہ قائم ہے ہماری سیاست کا مقصد اپنے حلقہ کے عوام کے مسائل کو ہر فورم پر اُجاگر کرنا ہے ،اقتدار میں رہیں یا نہ رہیں چوہدری برادران کی قیادت میں مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔چار سو روپیہ دیہاڑی کمانے والے پاکستانیوں کی اکثریت کے لئے آسمان سے باتیں کرتیں مہنگائی میں زندگی کی جنگ جاری رکھنا مشکل بنادیاہے انہوں نے مزید کہاکہ سابق سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے دور میں یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے مہنگائی کے خلاف جہاد کیا،مگر منافع خور تاجر مہنگائی کو کم کرنے میں تعاون پر تیار نہیں ہیں انہوں نے آنے والی نئی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرکے غریب آدمی کو ریلیف فراہم کیاجائے۔غربت کی آخری سطح پر زندگی گزارنے والی عوام کی مشکلات میں لؤڈ شیڈنگ اور دن بدن بڑھتی مہنگائی نے مزید اضافہ کردیا ہے۔ ملک میں متوسط طبقہ تیز ی سے ختم ہورہا ہے۔ اور امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے جبکہ غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے ۔جسکی وجہ سے عوام میں مایوسی اور غم و غصہ بڑھ رہا ہے اور جرائم میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے ۔دو وقت کی روٹی سے مجبور لوگ اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے چوری اور ڈکیتی جیسے جرائم کرنے پر مجبور ہورہیں ہیں۔صرف غریب عوام ہی نہیں بلکہ تاجر طبقہ بھی اس بے تحاشہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور لؤڈ شیڈنگ کی وجہ سے شدید متاثر ہورہا ہے۔اور اسکی وجہ سے بے روزی گاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ شہر میں سڑکیں نئی بن گئیں لیکن صفائی نہ ہونے کے برابر
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ )ڈنگہ شہر میں سڑکیں نئی بن گئیں لیکن صفائی نہ ہونے کے برابر ۔ میلاد چوک سے ملحقہ تھانہ روڈ ‘ کولیاں روڈ پر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ۔ تفصیل کے مطابق ڈنگہ شہر جو تیزی سے ترقی کر رہا ہے ہسپتال اور کالج بن چکے ہیں لیکن شہر میں گندگی نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں ۔ گندگی کے ساتھ ساتھ تجاوزات سے بھی شہر کا حسن ماند پڑ گیا ہے ۔ بلدیہ ملازمین کی ڈیوٹیاں ارباب اقتدار کے گھروں میںمبارکبادیں دینے اور خوشامدکرنے میں لگ گئیں ۔ ڈنگہ شہر مچھروں ‘ مکھیوں اور گندگی کے حوالے ۔ ڈنگہ کی گلیوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے نظر آتے ہیں ۔ اخباروں میں خبریں لگنے کے باوجود بھی بلدیہ ملازمین کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ گندگی کی کثرت کی وجہ سے لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ ڈاکٹرو ں کے پاس مریضوں کا رش لگا رہتا ہے ۔ تمام آفیسر ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں ۔ شہر کی مختلف تنظیمیں بلدیہ کی ناقص کارکردگی کے خلاف جلوس نکالنے کے لئے متحد ہو رہی ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنے پاس سے پیسے دے کر ملازمین سے صفائی کرواتے ہیں ورنہ یہ صفائی کرنے سے انکاری ہیں ۔ شہریوں نے DCOسے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈنگہ میں صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے بلدیہ ڈنگہ ملازمین کی اچھی تربیت کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ میں مرغی فروشوں کی ڈھٹائی پہلے سے ذبح شدہ مرغی کا گوشت سر عام فروخت
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)ڈنگہ میں مرغی فروشوں کی ڈھٹائی پہلے سے ذبح شدہ مرغی کا گوشت سر عام فروخت ۔ جبکہ ریٹ لسٹ پر نمایاں لکھا ہوا ہے کہ پہلے سے ذبح شدہ گوشت فروخت کرنا منع ہے ۔ اگر کوئی تازہ گوشت لینے پر اصرار کرے تو الٹی بدتمیزی کرتے ہیں اور گوشت بھی نہیں دیتے ۔ پہلے سے ذبح شدہ اور پانی لگا گوشت کھانے سے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں جن میں سب سے اہم ہیضہ ہے ۔ مگر کوئی اس طرف نوٹس نہیں لیتا کہ شاید ہم ناقص گوشت جو کہ حفظان صحت کے اصولوں پر پورا ہی نہیں اترتا وہ گوشت کھانے سے بیمار ہو رہے ہیں ۔ ایسے ظالم اور سفاک عناصر کے خلاف فوری سخت کاروائی کی جائے شہریوں کا ارباب اختیارسے مطالبہ ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ:بڑے سپیکر ڈیک ،کم عمر رکشہ ڈرائیور سر عام اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہے
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)بڑے سپیکر ڈیک ،کم عمر رکشہ ڈرائیور سر عام اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں ۔ ڈنگہ شہر میں رکشہ ڈرائیوروں نے انت مچا رکھی ہے ۔جبکہ ٹریفک پولیس کا عملہ اپنے فرائض اداء کرنے کی بجائے کسی کونے میں دیہاڑیاں لگانے میں مصروف نظر آتا ہے سارا دن سر عام بھرے بازاروں میں بلند آواز میں بیہودہ گانے اور میوزک سے لوگوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے ۔ رکشوں کی غلط پارکنگ کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک کا جام رہنا اور کم عمر ڈرائیوروں کی وجہ سے آئے روز حادثات ہونا معمول بن چکا ہے جبکہ ارباب اختیار نے بے حسی کی چادر تان لی، خواتین سواریوں کو بیٹھا کر جس قدر بلند آواز میں فحش گانے اور میوزک چلایا جاتا ہے کہ سر شرم سے جھک جاتے ہیں ۔ گزشتہ روز ایک لڑکی جس نے برقعہ پہنا ہوا تھا رکشہ سے اترتے وقت اس کا برقعہ رکشہ میں پھنس گیا رکشہ ڈرائیور کے تیز میوزک میں لڑکی کی آواز نہ سنی اور وہ سربازار رکشہ کے ساتھ گھسیتتی رہی جسے کافی چوٹیں آئیں جنہیں فوری ہسپتال پہنچایا گیا ۔ رکشہ ڈرائیوروں کو بے ہودہ گانوں ‘ میوزک اور بڑے ڈیک سپیکروں سے اجتناب کرنا ہو گا بصورت دیگر اعلیٰ حکام کو فوری نوٹس لیتے ہوئے ایسے رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ:کروڑوںروپے کی لاگت سے غیرمعیاری میٹریل اور نان ٹیکنکل طریقے سے بچھایاجانے والا بلدیہ ڈنگہ کاسیوریج سسٹم عوام کے لیے وبالِ جان بنا ہواہے
ڈنگہ(محمدبلال احمد بٹ)کروڑوںروپے کی لاگت سے غیرمعیاری میٹریل اور نان ٹیکنکل طریقے سے بچھایاجانے والا بلدیہ ڈنگہ کاسیوریج سسٹم عوام کے لیے وبالِ جان بنا ہواہے۔جبکہ اس کی تعمیراتی عرصہ میںدوکانداروںکاکاروبارٹھپ ہونے کے ساتھ ساتھ سوداسلف خریدنے اور دیگروں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔اب سیوریج سسٹم کی صورتحال کچھ اس طرح ہے کہ آئے روز بند ہو جاتا ہے اوربندسیوریج کو کھولنے کے لیے کئی کئی روز لگ جاتے ہیں بعض اوقات تو کھولنے کے لیے سٹرک کو بھی اکھاڑنا پڑتا ہے حالیہ ماہ میں سیوریج کئی بار بند ہو چکاہے سیوریج بند ہونے کی وجہ سے پانی کی نکاسی رک جاتی ہے اور گندا پانی محلوںکی نالیوںاور نالوں میں جمع ہو جاتا ہے۔گندے پانی میں مچھروں کی افزائش کے ساتھ ساتھ اٹھنے والی بدبو نے لوگوںکا بُرا حال کررکھاہے تھانہ روڈاورمین بازار کے دونوںاطرا ف بلدیہ نے گندے پانی کی نکاسی کے لیے نالے بھی تعمیرکروارکھے ہیں لیکن اُن کی صفائی کی طرف توجہ دینے کی زحمت گوارہ نہیں کی جاتی۔اہلیانِ ڈنگہ نے گندے پانی کی نکاسی کے لیے نومنتخب نمائندگان قومی و صوبائی اسمبلی ، تحصیل ایڈمنسٹریشن سے مطالبہ کرتے ہوئے گندے نالوںکی صفائی کی طرف بھی توجہ دلائی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : بار بار خبروں کی اشاعت کے باوجود پولیس تھانہ ڈنگہ کے محرر اور دیگر عملہ کا صحافیوں سے عدم تعاون
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ) بار بار خبروں کی اشاعت کے باوجود پولیس تھانہ ڈنگہ کے محرر اور دیگر عملہ کا صحافیوں سے عدم تعاون ، گذشتہ روز بھی اغوا برائے تاوان کے ملزم کی گرفتاری کے باوجود صحافیوں کو اندھیرے میں رکھا جارہا ہے، بار بار رابطوں پر بھی مقدمات کے اندراج ہونے کے باوجود گذشتہ دو ہفتوں سے کسی مقدمہ کے اندراج نہ ہونے کا بول کر ٹال دیا جاتا ہے صحافتی حلقوں کا تھانہ ڈنگہ کے اس رویہ پر شدید احتجاج ،ڈی پی او گجرات سے فوری نوٹس لے کر تھانہ ڈنگہ کے عملہ کا رویہ درست کروانے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ کئی ہفتوں سے ڈنگہ کے تمام صحافتی حلقے تھانہ ڈنگہ میں مقدمات کے اندراج کے حوالے سے بذریعہ فون اور خو د جاکر بھی رابطہ کرتے ہیں تو رسمی کاروائی کرتے ہوئے تھانہ ڈنگہ کے عملہ صحافیوں کو کسی بھی مقدمہ کے اندراج سے آگا ہ کرنے سے گریز کررہا ہے اور روزانہ مقدمات کے اندراج کے باوجود صحافیوں کو کوئی مقدمہ درج نہ ہونے کا بول کر ٹا ل دیا جاتا ہے جسکی وجہ سے صحافتی حلقوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں تھانہ ڈنگہ کے عملہ کے عدم تعاون کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ،صحافتی اور سماجی حلقوں نے تھانہ ڈنگہ کے عملہ کے اس رویہ پر شدید احتجا ج کرتے ہوئے DPO گجرات سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ ڈنگہ کے عملہ کو صحافیوں کے ساتھ تعاون کرنے کا پابند کیا جائے ۔کیونکہ میڈیا کو مقدمات کی تفصیلات نہ بتانے سے عوامی حلقوں میں تاثر پایا جاتا ہے کہ درج ہونے والے مقدمات یا گرفتاریوں کو مبینہ طور پر میڈیا کے علم میں لائے بغیر مک مکا کرکے چھوڑ دیا جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :معروف سونے کے تاجر حاجی محمد اسلم صراف دادا ‘ حاجی محمد اکرم صراف نانا ‘ علی اسلم صراف چچا اور نوید اسلم صراف باپ بن گئے
ڈنگہ ( محمد بلال احمد بٹ ) معروف سونے کے تاجر حاجی محمد اسلم صراف دادا ‘ حاجی محمد اکرم صراف نانا ‘ علی اسلم صراف چچا اور نوید اسلم صراف باپ بن گئے۔ گزشتہ روز نوید اسلم صراف کو اللہ تعالیٰ نے خوبصورت بیٹی سے نوازا ۔ جس پر دوست احباب نے حاجی محمد اسلم صراف ‘ علی اسلم صراف ‘ حاجی محمد اکرم صراف اور نوید اسلم صراف کو مبارکباد دی ہے۔