دوران برسات گولڈن ٹائون اور پنجاب ٹائون برساتی پانی سے تباہ ہو جائے گا۔ سید امجد علی شاہ

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی سٹی ایریا PS-120 کے سنیئر رہنماء سید امجد علی شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی ناقص حکمت عملی کے باعث دوران برسات گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون اور پنجاب ٹائون برساتی پانی سے تباہ ہوجائیگاگولڈن ٹائون کا متبادل نالہ جس پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے وہ یہاں کے مکینوں کی سہولت کے لئے نہیں بلکہ ائر پورٹ رن وے سے آںے والے برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تعمیر کیا جا رہا ہے۔

امجد علی شاہ نے کہا کہ کے ایم سی گولڈن ٹائون نالے کی تعمیر کرکے یہاں کے مکینوں کو سہولت نہیں بلکہ عذاب میں مبتلا کرنے کی روش پر گامزن ہے پیپلز پارٹی کے رہنماء سید امجد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن سے اپیل کی کہ وہ کراچی میٹرو پولیٹن کار پوریشن کی جانب سے گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون اور پنجاب ٹائون کے مکینوں کے ساتھ سوتیلی ماں کے سلوک کا نوٹس لیں اور عوام کا درینہ مطالبہ قدیم گولڈن ٹائون نالہ سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے اسے برساتی پانی کی نکاسی کے لئے کار آمد بنایا جائے جس کی وجہ سے یہاں کے مکین دوران برسات سخت مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔

امجد علی شاہ نے کہاکہ اگر کے ایم سی کی جانب سے اس نکاسی آب کے انتظامات کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ مستقل بنیادوں پر انتظامات نہ کئے گئے تو دوران برسات گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون اور پنجاب ٹائون برساتی پانی میں ڈوب جائے گا لہذا سانحات سے بچنے کے لئے قدیم گولڈن ٹائون نالے پر 18انچ قطر کی لائن ڈالنے کے بجائے نالے پر سے تجاوزات و تعمیرات کا خاتمہ کرکے اسے بحال کیا جائے تاکہ مذکورہ علاقوں کی مکینوں کو نکاسی آب کا بہتر نظام میسر آسکے۔پیپلز پارٹی کے رہنماء سید امجد علی شاہ نے کہاکہ اگر اس پر کوئی توجہ نہ دی گئی کسی بھی سانحات کے ذمہ دار کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ہونگے۔