تعلیمی بورڈ پشاور نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا، طالبات کی بر تری

Board Education

Board Education

پشاور (جیوڈیسک) تعلیمی بورڈ پشاور نے میٹرک کے نتائج کا اعلا ن کر دیا ہے۔ سائنس اور آرٹس گروپ میں چھ پوزیشنیں طالبات لے گئیں۔ تعلیمی بورڈ پشاور کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شفیع آفریدی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور ماڈل اسکول کی عائشہ عروج نے ایک ہزار نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

ثنا شہاب 998 نمبر لیکر دوسرے جبکہ مریم حمید 995 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پرآئیں۔ امتحانات میں مجموعی طور ایک لاکھ 29 ہزار 329 طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔جن میں سے ایک لاکھ چھ ہزار 55 طلبا نے کامیابی حاصل کی اور مجموعی نتیجہ 77 فیصد رہا۔

چیئرمین بورڈ نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو میں چیئرمین ڈاکٹر محمد شفیع کا کہنا تھا کہ طالبات کی نمایاں پوزیشن میں کامیابی نے اس تاثر کو زائل کردیا ہے کہ خیبر پختونخوا کا معاشرہ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کرتا ہے۔