تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، نگاہیں چرانے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی : محمد زبیر صفدر
Posted on December 9, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا کہ طلبہ کو تعلیم کی سہولیات دینا حکومت کا فرض ہے اس سے نگاہیں چرانے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ پاکستان میں تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اعداد و شمار کا پروپیگنڈا عوام کو متاثر نہیں کر سکتا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے مختلف شہروں میں طلبہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ ایک دہائی سے شدید بدامنی کا شکار ہے، خطے میںبیرونی مداخلت کا براہ راست اثر پاکستان پر پڑرہا ہے ۔ بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔دہشت گردی کی وجہ سے اندرون ملک سرمایہ کاری نہ ہونے پر ملکی معیشت کو شدید بحران کا سامنا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو رہن سہن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جہاں مہنگائی میں اضافہ پٹرولیم اور بجلی کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی ہوئی وہاں اس کا براہ راست اثر پاکستان کی تعمیر اور ترقی میں تعلیم کی زبوں حالی کی صورت میں نظرآرہا ہے۔
زبیر صفدرکا مزید کہنا تھاکہ ملک کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والا شعبہ تعلیم دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بدامنی کی وجہ سے ارباب اختیار کی نظروں سے اوجھل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بنیادی اور اعلیٰ تعلیم میں بہتری کے اقدامات میں خلا نظر آرہا ہے۔تعلیم اور مئوثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے قوم عدم یکسوئی کا شکار ہے اور مختلف طبقات میں تقسیم ہو چکی ہے ۔کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے قومی وحدت کا ہوناانتہائی ضرورہے اور تعلیم قومی وحدت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، تعلیم کے ذریعے قوم کی ذہنی اور جسمانی نشو و نما ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان کا شعبہ تعلیم کوئی متفقہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے مسائل میں گھرچکا ہے۔
ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لئے ایک راستہ دینے کی ضرورت ہے، ملک کو مختلف قسم کے نظاموں نے تقسیم کر کے رکھ دیا ہے، مدرسہ سسٹم سے لے کر ایلیٹ کلاس کے لئے نظام تعلیم سبھی نظاموں نے ملک کی جڑیں کھوکھلے کر دی ہیں، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ، ملک کی تعمیر کے لئے قومی یک جہتی کی ضرورت ہے تمام طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر جد وجہد کرنی ہوگی اس وقت قوم کو محب وطن سچے اور باکردار طالب علموں کی ضرورت ہے، صدر پریم یونین حافظ سلمان بٹ نے کہا ہے کہ فیملی فیسٹیول جیسی سرگرمیوں کا انعقاد ملک کے نوجوان طلبہ کو مثبت سرگرمیوں کے طرف لے جاتا ہے، جب جب ملک کے نطرئیے پر کسی نے حملہ کیا اسلامی جمعیت طلبہ اس کے آگے سییسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی۔
واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام تعمیر پاکستان کنونشن اور ریلی کا انعقاد ٹھٹھہ میں کیا گیا جس میں ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر، ناظم صوبہ سندھ سلمان خالد نے خطاب کیا جب کہ حید ر آباد مہران کلب میں جمعیت کے زیر اہتمام تین روزہ سٹوڈنٹ میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات اور والدین نے شرکت کی،جبکہ اس کی اختتامی تقریب سے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر ، امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الھدیٰ صدیقی اور دیگر نے خطاب کیا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com