مصر میں اخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع گرفتار

Mohammad Badi

Mohammad Badi

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر میں اخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر امریکی صدر بارک اوباما نے مصر میں جاری پرتشدد واقعات میں ایک ہزارسے زائد شہریوں کی ہلاکت کے پیش نظر مصر کیلئے عسکری امداد ختم کرنے کا عندیہ دیدیا۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں سابق حکمراں جماعت اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہیں النصر کے علاقے میں واقع ایک فلیٹ سے کریک ڈاون کے دوران گرفتار کیا گیا۔ مصر کے پبلک پروسیکیوٹر نے معزول صدر محمد مرسی کو نئے الزام میں 15 روز کے لئے جیل ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

ادھر امریکا نے مصر کی عسکری امداد ختم کرنے کا اشارہ دیا ہے، امریکا مصر کو ہر سال 1.3 ارب ڈالر عسکری امداد کی مد میں دیتا ہے۔ مصرکی صورت حال کو دیکھتے ہوئے یورپی یونین کے28 وزرائے خارجہ کی ہنگامی ملاقات بھی کل متوقع ہے جس میں مصر پر تجارتی پابندیاں لگائے جانے پر بھی غور کیا جائیگا۔

دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر خارجہ شاہ سعودالفیصل نے کہا ہے کہ اگر مغربی ممالک نے مصر کی امداد روکی تو تمام عرب اور اسلامی ممالک مصرکی بھرپور مدد کریں گے۔ ادھر مصر کے متعدد شہروں میں آج چھٹے دن بھی کرفیو نافذ رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔