مصر : جیل سے فرار کی کوشش، مرسی کے 38 حامی ہلاک

Egyptian Jail

Egyptian Jail

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر میں جیل سے فرار کی کوشش میں معزول صدر محمد مرسی کے 38 حامی ہلاک ہو گئے ہیں۔ مصر کے فوجی سربراہ عبدالفتح السیسی نے کہا ہے کہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث کسی شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یورپی یونین نے مصر کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کا عندیہ دے دیا۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ قاہرہ کی جیل میں قید معزول صدر کے 38 حامیوں نے پولیس افسروں کو یرغمال بنایا تھا۔ وہ یرغمالیوں کی آڑ میں جیل سے فرار ہونا چاہتے تھے لیکن انہیں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ مصر کے فوجی سربراہ عبدالفتح السیسی نے کہا ہے کہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سکیورٹی فورسز نے قاہرہ، سکندریہ اور گیزا سمیت کئی شہروں سے اخوان المسلمون کے 3 سو سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ بدھ سے جاری فوجی کارروائیوں میں 8 سو سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ اخوان المسلمون نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تمام ریلیاں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اخوان المسلموں کا کہنا ہے کہ تمام عمارتوں پر نشانہ باز موجود ہیں اور مظاہروں میں مزید جانے ضائع ہو سکتی ہیں۔ یورپی یونین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کی جائے گی۔