مصر اور سوڈان کے صدور کی ملاقات ،مشترکہ ڈیم پر غور

Egypt Sudan

Egypt Sudan

مصر(جیوڈسیک)مصر کے صدر مرسی محمد نے کہا ہے کہ دریائے نیل پر ملینئیم ڈیم کے منصوبے سے نیل کے ساحلی ممالک کی زراعت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مرسی محمد سوڈانی ہم منصب عمر حسن البشیر کے ہمراہ خرطوم میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ مرسی محمد نے تمام افریقی ممالک بالخصوص مصر اور سوڈان اور دریائے نیل کے ساحلی ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مرسی نے کہا کہ صدر بشیر نے اس بات پر اتفاق کیاہے کہ دریائے نیل پر ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا جائے گا جس سے نیل کا کوئی بھی ملک متاثر ہو۔

مرسی کا کہناتھا کہ سوڈان اور مصر کے درمیان زراعت اور کیٹل فارمنگ کے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے خوراک کے شعبے میں خودکفالت حاصل کی جا سکتی ہے۔ سوڈانی صدر عمر حسن البشیر نے کہا کہ دریائے نیل پر ملینئیم ڈیم کی تعمیر کے لیے سوڈان ، مصر اور ایتھوپیا کے ماہرین کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ ڈیم کی تعمیر سے کسی ملک کے مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔