شامی حکومت کا تختہ الٹا تو خطہ عدم استحکام کا شکار ہوگا، بشارالاسد

Bashar Al Assad

Bashar Al Assad

دمشق(جیوڈیسک)شام کے صدر بشارالاسد نے خبردار کیا ہے کہ اگر باغیوں نے شامی حکومت کا تختہ الٹ دیا اور اقتدار میں آگئے توپورا خطہ کئی برس تک کے لیے عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔ ترک میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر بشار الاسد نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ اگر شام تقسیم کا شکار ہوا یا دہشت گرد قوتوں نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا۔

تو اس کا براہ راست اثر آس پاس کے ممالک پر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پھر ایسے اثرات پیدا ہوں گے،جو صرف مشرق وسطی میں ہی نہیں بلکہ مغرب، مشرق، شمال اور جنوب ہر طرف دیکھا جائے گا۔

اس سے عدم استحکام پیدا ہو گا، جو کئی برس بلکہ کئی دہائیوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔ بشارالاسد نے عرب لیگ کو شام کی نشست اپوزیشن کودینے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، عرب لیگ کی قانونی حیثیت نہیں ہے، یہ لیگ عرب ریاستوں کی نمائندگی کرتی ہے مگر عرب عوام کی نہیں۔