نیک آباد میں عید الاضحی کا بہت بڑا اجتماع۔ سینکڑوں افراد میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا

Speech

Speech

گجرات لاہور اسلام آباد (پریس ریلیز) عید قربان کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی مکمل اطاعت، عبد صالح بننے کا جذبہ بیدار کرنا اور انا پرستی اور نفسانی خواہشات کا خاتمہ کرنا ہے۔ عید الاضحی صبر، تحمل، برداشت، راواداری کی تلقین کیساتھ ساتھ رب العالمین کی رضا کے حصول کا درس ہے۔ حبیب خدا حضرت محمد مصطفیۖ کو امت سے اتنی محبت تھی کہ اپنی قربانی کیساتھ اپنی امت کی طرف سے بھی قربانی کا اہتمام فرماتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار حضرت پیر محمد افضل قادری سجادہ نشین نیک آباد شریف وسرپرست اعلیٰ تحریک لبیک یارسول اللہ ۖ نے نیک آباد شریف میں عید الاضحی کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہزاروں فرزندان اسلام شریک تھے۔ جبکہ پیر مسعود قادری ودیگر حضرات بیرون ملک سے تشریف لائے۔

پیر صاحب نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمسائیوں، مستحقین، اور غربا کو یاد رکھنے والے اور ان کی خوشیوں کا اہتمام کرنے والے خوش نصب ہیں۔ انہوں نے فلسفہ قربانی کے حوالے کہا کہ قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے رب العالمین کی اطاعت میں سب کچھ قربان کردیا تھا۔ ان کی اس عظیم قربانی کو یادگار بنانے کیلئے اللہ تعالیٰ نے ہر صاحب ایمان صاحب استطاعت پر قربانی لازم فرمائی ہے اور قربانی کے ہر بال کے بدلے نیکی کا وعدہ کیا ہے۔ پیر صاحب نے مزید کہا کہ ظلم وجبر کی پروا نہیں ہر دور میں کلمہ حق کی آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اہل اللہ اور علماء حق کیساتھ ظلم کرنے والے اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی اللہ کی پکڑ سے بچ نہیں سکتے۔ عید الاضحی کے موقع پر نیک آباد شریف میں سینکڑوں افراد میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا اور پیر صاحبان سارا دن مہمانوں سے عید ملتے رہے۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ چھے ستمبر بروز بدھ دن دو بجے داتا دربار تا پنجاب اسمبلی برما کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں لانگ مارچ کریگی۔ نماز عید کے موقع پر امت مسلمہ، وطن عزیز پاکستان اور پاک فوج کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور مملکت خدا داد کے تحفظ وسلامتی کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
علامہ قیصر قادری