عید الاضحیٰ، ٹرانسپورٹ کم، کرایوں میں اضافہ، آبائی علاقوں کو جانیوالے پریشان

Transport

Transport

عید الاضحیٰ کے موقع پر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سے پردیسیوں کی آبائی علاقوں کو روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ عید کی خوشیاں پیاروں کیساتھ گزارنے کیلیے جانیوالوں میں اکثریت کرایوں میں کئی گنا اضافے کا شکوہ کر رہی ہے۔

اپنوں کے ساتھ عید کے لمحات گزارنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے پردیسی اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سے اپنے آبائی گھروں کو جانے والے مسافر دوہری مصیبت کا شکار ہو چکے ہیں۔

ایک طرف رش کی پریشانی اور دوسری جانب ناقابل برداشت کرایوں کا سامنا۔ ٹرانسپورٹ کا کرایہ طے کرنا توحکومت کا کام ہے مگر ملک کے دیگر حصےتو درکنار دارالحکومت میں بھی یہ فریضہ ٹرانسپورٹرز خود ہی سر انجام دے رہے ہیں۔ جس شہر کا کرایہ چند دن قبل چارسو تھا اب آٹھ سو وصول کیا جا رہا ہے اور جس کا 2800 تھا وہاں پانچ ہزار طلب کیا جا رہا ہے۔

پورے ملک کی طرح برسوں سے ہر تہوار پر وفاقی دارالحکومت میں بھی ٹرانسپورٹ مافیا کی من مانیاں جاری ہیں۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ حکومت کی رٹ یہاں نہیں توبڑے مسائل کیسے حل ہوں گے۔