الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کیلئے سرگرم، سندھ حکومت کو خط

 Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کر دیں۔ سیکریٹری الیکشن نے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے حکومت سندھ کو خط لکھ دیا جبکہ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس اٹھائیس اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے سندھ میں ستائیس نومبر جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں سات دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی حرکت میں آ گیا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کو ایک خط لکھا ہے۔ جس میں سندھ حکومت کو بروقت بلدیاتی انتخابات کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے کہا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ صوبے میں حلقہ بندیوں سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے۔ ادھر اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس میں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔

اب الیکشن کمیشن ہفتہ وار تعطیل میں بھی کام کرے گا۔ بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنانے کیلئے اہم اجلاس اٹھائیس اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز شرکت کریں گے۔ نادرا، پرنٹنگ پریس آف پاکستان، پی سی ایس آئی آر، پاکستان پوسٹ اور محکمہ شماریات کے اعلی حکام کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق صوبائی مشینریز بلدیاتی انتخابات کیلئے تاحال خود کو تیار نہیں کر پائیں۔ جس کے باعث الیکشن کمیشن کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔