الیکشن کمیشن کا انتخابی نتائج کا اعلان، کامیاب امیدواروں سے اخراجات کی تفصیلات طلب

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد(جیوڈیسک)الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے کامیاب امیدواروں سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ 10 روز میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات فراہم کریں۔

تفصیلات فراہم نہ کرنے والے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشست کے لئے انتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے 10 لاکھ روپے کی حد مقرر کی تھی۔دریں اثنا الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں کی ابتک کی پارٹی پوزیشن جاری کردی۔

قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ سرفہرست جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی اور خیرپختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ابتک کی پوزیشن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں 89 نشستیں حاصل کیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے 21، پیپلزپارٹی نے 16، متحدہ قومی موومنٹ نے10 اور جمعیت علما اسلام ف نے 5 نشستیں حاصل کیں۔

عام انتخابات میں جماعت اسلامی قومی اسمبلی کی 3، پاکستان مسلم لیگ ق اور فنکشنل لیگ دو دو اور عوامی نیشنل پارٹی ایک نشست حاصل کرسکیں۔ 12 ازاد امیدواروں نے قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کیں۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے ابتک 120، تحریک انصاف نے 15، پیپلزپارٹی نے 5 نشستیں حاصل کیں۔