توانائی بحران کیلئے بہترین حکمت عملی تیار کر لی : خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایک منتخب حکومت کا دوسری منتخب جمہوری حکومت کو منتقل ہونا ایک تاریخی کام ہے، کئی رکاوٹوں کو توڑ کر 65 سال بعد ایسا ممکن ہوا (ن) لیگ نے انرجی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے ایک بہترین حکمت عملی تیار کی ہے۔

جو جلد میاں نواز شریف عوام سے خطاب میں عوام کو بتائیں گے آج لازوال قربانیوں کے بعد آج تاریخ نے ایک روشن باب رقم کیا ہے، مسائل کے اس انبار میں ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج عوام کی مہربانیوں سے میاں نواز شریف تیسری بار وزیراعظم کا حلف اٹھا کر ایک روشن باب کو رقم کیا ہے۔

ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کی منتقلی گذشتہ 65 سال کی انتھک محنت اور کئی اداروں اور عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ کئی رکاوٹوں کو عبور کر کے یہ دیکھنا پڑا ہے عوام نے ہمارے اوپر بھرپور اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ دئیے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ان کی محنتوں نے اس لمحے کو ممکن بنایا ہے ہم نے اسمبلی کے اندر ایک لمحہ دیکھا کہ ایک سپیکر نے دوسرے منتخب سپیکر کو اپنا اقتدار منتقل کیا اور اسے اپنی کرسی پر بٹھایا۔ یہ ایک تاریخ ساز لمحہ تھا اس لمحے کی پیچھے بڑی جدوجہد اور قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت نے قربانیاں دیں۔ میاں نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی بشمول اس لمحے کو دیکھنے کیلئے پیپلزپارٹی نے بھی قربانیاں دیں وکلا، عدلیہ، میڈیا اور تمام سٹیک ہولڈرز کی قربانیوں کے بعد یہ لمحہ دیکھنے کو آیا ہے۔

لازوال قربانیوں کے بعد تاریخ کا ایک روشن باب رقم ہوا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اس کے باوجود کہ ہمارے سامنے مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں لیکن ہم تمام سٹیک ہولڈر اداروں کی مدد اور مشاورت سے مسائل کے انبار کو ختم کریں گے۔ میاں نواز شریف نے عوام اور میڈیا کی مدد سے ان مسائل کو قبول کیا ہم مل کر ان مسائل کا حل تلاش کریں گے اور موجودہ حالات سے چھٹکارا دلائیں گے۔