یورپ کے لیے سکیورٹی کے حوالے سے امریکا پر انحصار کرنا ممکن نہیں رہا : عمانوئل ماکروں

Emmanuel Macron

Emmanuel Macron

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ سکیورٹی کے حوالے سے امریکا پر انحصار کرنے سے گریز کرے۔ انہوں نے یہ بات 250 کے قریب سفارت کاروں، ارکان پارلیمنٹ اور بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین کے سامنے کہی۔

اپنے سفارتی ایجنڈے کے از سرِ نو آغاز کے حوالے سے ایک اہم خطاب میں ماکروں کا کہنا تھا کہ “یورپ کے لیے اب ممکن نہیں رہا کہ وہ اپنی سکیورٹی کے سلسلے میں امریکا پر انحصار کرے۔ یورپ کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہماری ذمّے داری ہے”۔

فرانسیسی صدر نے واضح کیا کہ وہ آئندہ چند ماہ کے دوران انی تجاویز پیش کریں گے۔ ماکروں کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ یورپ کی سکیورٹی کا جامع جائزہ لیا جائے جس میں روس کے ساتھ تمام یورپی شراکت دار بھی شامل ہوں۔

فرانس کے صدر منگل کو ڈنمارک اور فِن لینڈ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ یورپی یونین کے بلاک کی اصلاح کے لیے کوششوں کو بڑھایا جائے۔ ماکروں کا کہنا تھا کہ “ہم پر لازم ہے کہ نئے منصوبے لائیں اور نئے اتحاد قائم کریں”۔

دوسری جانب ماکروں نے ایک بار پھر باور کرایا ہے کہ وہ مئی میں لیبیا کے مختلف فریقوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو آگے لے جانے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں۔ اس معاہدے میں خاص طور پر آئندہ دسمبر میں انتخابات کا انعقاد شامل ہے۔ ماکروں کےمطابق وہ لیبیا میں سیادت کی واپسی پر پورا یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “اس سلسلے میں ہمارا کردار یہ ہے کہ مئی میں دستخط کیے گئے پیرس معاہدے کو لاگو کروانے میں کامیاب رہیں”۔