فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر نے کرکٹر آصف علی کی فیملی کو اپنے دفتر آنے کی کیوں دعوت دی؟

 Asif Ali

Asif Ali

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر نے پاکستان کی جیت اور شاندار کارکردگی پر مبارکباد دینے کیلئے کرکٹر آصف علی کی فیملی کو اپنے دفتر آنے کی دعوت دے دی۔

تاہم آصف علی کی فیملی نے مصروفیت کی بنا پر ڈپٹی کمشنر آفس آنے سے معذرت کر لی۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد نے پاکستان کی جیت اور کرکٹر آصف علی کی شاندار پرفارمنس پر مبارکباد دینے کیلئے قومی ہیرو کی فیملی کو اپنے دفتر آنے کی دعوت دی اور اسکی کوریج کیلئے میڈیا کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس کے اسٹاف نے بذریعہ فون کرکٹر آصف علی کے بھائی سے رابطہ کیا تاہم بعد میں آصف علی کی فیملی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس آنے سے معذرت کر لی گئی۔

اس بارے میں جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر آصف علی کے بھائی کاشف نے بتایا کہ ان کی فیملی کی مصروفیات کو جانے بغیر ہی ڈپٹی کمشنر آفس نے ملاقات کا وقت طے کر کے میڈیا کو آگاہ کر دیا تھا جبکہ ان کی فیملی ممبران ذاتی مصروفیت کی وجہ سے بتائے گئے وقت پر دستیاب نہیں تھے۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا بھی یہی کہنا ہے کہ آصف علی کی فیملی نے ڈپٹی کمشنر آفس نہ آ سکنے کی وجہ ذاتی مصروفیات بتائی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے آصف علی کے 4 چھکوں کی بدولت افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے کہ آصف علی نے کریم جنت کو 4 چھکے لگا کر میچ ایک اوور پہلے ہی ختم کر دیا۔