وزیر خزانہ نے استعفیٰ نہیں دیا، حکومت کی تصدیق

Dr. Musadik Malik

Dr. Musadik Malik

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان وزیر اعظم ڈاکٹر مصدق ملک نے اسحاق ڈار کے استعفیٰ سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار ہی وزیر خزانہ ہیں، جب تک وہ اس منصب پر فائز ہیں، اس وقت تک کسی اور کو قلمدان نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے یہ بات بھی واضح کیا کہ روزمرہ کے معاملات وزارت خزانہ ہی دیکھ رہی ہے، وزارت خزانہ سے متعلق کسی بھی پالیسی میں تاخیر نہیں ہو رہی جبکہ وزیر اعظم وزارت خزانہ کے معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے نظرثانی اپیلوں پر فیصلے میں شعر و شاعری کی گئی، اگر ثابت ہو جاتا ہے کہ اسحاق ڈار مجرم ہیں تو وہ فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیں گے، ابھی تو صرف چارجز فریم ہوئے ہیں۔

اس سے قبل سینئر صحافی اور دنیا میڈیا گروپ کے صدر کامران خان نے یہ انکشاف کیا کہ وزیر اعظم نے اسحاق ڈار سے دوبار عہدہ چھوڑنے کی درخواست کی لیکن اسحاق ڈار عہدے پر رہ کر مقدمات کا سامنا اور اختیارات کا استعمال چاہتے ہیں۔