شریف خاندان متحد ہے، اسحاق ڈار محب وطن ہیں، ضرور واپس آئیں گے: حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ نون کے رہنماء حمزہ شہباز نے لاہور میں اپنے حلقے این اے 119 کا دورہ کیا اور مقامی لیگی رہنماء کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے لوگوں سے حلقے کے مسائل پر بات چیت بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہے، اب لوگوں کو فیصلہ کرنے دینا چاہئے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عدالتی کارروائی میں انصاف ملتا نظر آنا چاہئے، حریفوں کی جانب سے ان پر کرپشن الزامات نئی بات نہیں، مشرف دور سے سب سہتے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ دیکھ چکے ہیں کہ شریف خاندان میں اختلافات نہیں سب اکھٹے ہیں، نواز شریف کی قیادت میں ملک نے لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی جیسے مسائل کو شکست دی، اسحاق ڈار محب الوطن ہیں، ضرور واپس آئیں گے۔