فرانس نے بھی 18 سعودی شہریوں پر پابندیاں لگا دیں

Jamal Khashoggi

Jamal Khashoggi

پیرس (جیوڈیسک) فرانس نے گزشتہ روز کہا ہے کہ اس نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے تعلق کے سلسلے میں 18 سعودی شہریوں پر پابندیاں لگا دی ہیں جن میں سفری پابندیاں بھی شامل ہیں۔

فرانس نے یہ بھی کہا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد مزید پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں۔

فرانس کی وزارت خارجہ نے پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد کے نام نہیں بتائے لیکن اس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلے میں یورپی شراکت داروں خصوصاً جرمنی کا تعاون شامل ہے۔

یاد رہے کہ برلن حکومت نے گزشتہ پیر کے روز 18 سعودی شہریوں پر پابندی لگا دی تھی اور سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان پابندیوں کے اطلاق میں یورپی یونین کے وہ تمام ارکان شامل ہیں جو ویزہ فری زون میں آتے ہیں۔

وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خاشقجی کا قتل ایک سنگین نوعیت کا جرم ہے جو پریس کی آزادیوں اور بنیادی حقوق کے خلاف بھی ایک کارروائی کی حیثیت رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس سعودی حکام کی جانب سے ایک شفاف، مفصل اور جامع ردعمل کی توقع رکھتا ہے۔

فرانس کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے یہ عبوری اقدامات ہیں اور اس سلسلے میں جاری تحقیقات کے نتیجے میں ان پر نظر ثانی ہو سکتی ہے یا ان میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔