فرانسیسی صدر کو تھپڑ مارنے کا واقعہ، گرفتار شخص کے گھر سے ہٹلر کی آپ بیتی برآمد

Emmanuel Macron

Emmanuel Macron

فرانس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو تھپڑ مارنے پر گرفتار ہونے والے 2 افراد میں سے ایک کے گھر سے پولیس نے اسلحہ اور ہٹلر کی آپ بیتی’میری جدوجہد’ برآمد کی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز فرانسیسی صدر کو جنوب مشرقی فرانس کے علاقے ڈروم کے دورے کے دوران ایک شخص نے تھپڑ ماردیا تھا جس کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہورہی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس اور سیکورٹی اداروں نے فوری طور پر 2 افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں ایک تھپڑ مارنے والا شخص تھا جب کہ دوسرا مشتبہ شخص واقعے کی ویڈیو بنارہا تھا اور مبینہ طور پر تھپڑ مارنے والے شخص کا ساتھی ہے۔

پولیس نے واقعے کے بعد دونوں افراد کے گھروں کی تلاشی لی جس میں سے ویڈیو بنانے والے 28 سالہ مشتبہ شخص کے گھر سے اسلحہ اور جرمنی کے سابق حکمران ایڈولف ہٹلر کی آپ بیتی’میری جدوجہد’ برآمد ہوئی ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں یہود مخالف نظریات بیان کیےگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برآمد شدہ اسلحے میں تلوار، خنجر اور ایک رائفل شامل ہے جس کا لائسنس بھی اس کے پاس تھا۔

دوسری جانب تھپڑ مارنے والے شخص کے متعلق بتایا جارہا ہے کہ اس کا تعلق مبینہ طور پر دائیں بازو کی قوم پر ست جماعت سے ہے۔