فنکشنل لیگ کے رہنما اُمیدوار قومی اسمبلی حلقہ NA-250 کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ دس جماعتی اتحاد استحصالی قوتوں کو اپنے نا پاک عزائم پورے نہیں کرنے دیگا

کراچی : فنکشنل لیگ کے رہنما اُمیدوار قومی اسمبلی حلقہNA-250کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ دس جماعتی اتحاد استحصالی قوتوں کو اپنے ناپاک عزائم پورے نہیں کرنے دیگا ،انتخابات کے التواء کی سازش کرنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں قوم کے پاس پانچ سال بعد دوبارہ موقع آیا ہے ۔

وہ لوٹ کھسوٹ کی سیاست کرنے والے بازی گروں کو مسترد کرکے اپنے حقیقی نمائندوں کو کامیاب کریں قومی اسمبلی حلقہ NA-250کے باشعور عوام چہرے بدل کر آنے والوں کو شکست سے دوچار کرکے پیر پگارا کے نامزد اُمیدواروں کو کامیاب بنائینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے عوامی رابطہ مہم کے دوران عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہاکہ پیر پگارا محب وطن قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں کامیاب ہوگئے اور 11مئی 2013ء کو اتحاد سے سیاسی بازیگروں کی صفائی کا سورج طلوع ہوگا انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن انتخابی مہم چلانے والے اُمیدواروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے تاکہ اُمیدوار بلا خوف و خطر اپنی انتخابی مہم باآسانی چلا سکیں۔