غزہ : فلسطینی شہدا دفن کرنے کو جگہ کم پڑ گئی

Gaza

Gaza

غزہ (جیوڈیسک) عالمی میڈیا کے مطابق اگرچہ اس وقت تین روزہ جنگ بندی ہے ، تا ہم رفح اور غزہ پٹی کی صورت حال انتہائی دردناک دکھائی دیتی ہے۔ صیہونی حکومت کی لگاتار بمباری نے ایک مستقل خوف پیدا کر رکھا ہے۔

اور لاشوں سے اٹھنے والی بدبو لوگوں کو متاثرکر رہی ہے۔ گلیوں اور بازاروں میں پڑی شہدا کی لاشیں ایک خوفناک منظر پیش کرتی ہیں۔ ہسپتالوں میں نعشوں کو رکھنے کی جگہ ختم ہو چکی ، اور لوگوں کے پاس پرائیویٹ سرد خانوں میں اپنے پیاروں کو رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

یہودیوں نے کئی خاندانوں کے پورے افراد کو ہلاک کر دیا ہے اور مرنے والوں کو دفن کرنے کے لئے یا تو کوئی باقی نہیں رہا یا دور کا کوئی عزیز یہ کام کرتا ہے۔ غزہ کے مذہبی امور کے معاون وزیر حسن السیفی نے بتایا ہے کہ عام طور پر اس طرح کی صورت حال میں ہم پانچ سو قبریں تیار کرتے ہیں۔

لیکن کیونکہ ہمیں سیمنٹ لانے کی اجازت نہیں اور مسلسل بمباری کی جا رہی ہے ، اس نے ہمیں قبریں تیار کرنے سے روک رکھا ہے۔ چنانچہ مرنے والوں کوعارضی طور پر اجتماعی قبروں میں ڈالا جا رہا ہے ، اور اسرائیلی حملوں کے ختم ہونے کے بعد انہیں کہیں اور دفن کردیا جائے گا۔