جرمنی اور بیلجیئم میں طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 92 ہو گئی

Germany, Belgium Rains

Germany, Belgium Rains

برلن (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوگئی جب کہ بیلجیئم میں 11 افراد کی ہلاکت سے مجموعی تعداد 92 ہوگئی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مغربی جرمنی میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 81 کے قریب افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 1300 سے زائد لاپتہ ہیں، شدید بارشوں کے باعث متعدد گاؤں اور قصبے پانی میں ڈوب گئے، عمارتیں زمین بوس ہوگئی ہیں جب کہ کئی افراد بے سروسامان کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔

جرمن محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جب کہ کئی علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔ دوسری جانب جرمن انتظامیہ نے موجودہ صورتحال کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب بیلجیئم میں بھی بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی جب کہ 28 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سیلاب سے متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

یورپی ممالک میں بارشوں کا نیا سلسلہ رواں ہفتے جاری رہے گا۔