گلگت بلتستان اور چترال میں برفباری نے راستے ہی بند کر دئیے

Snow

Snow

اسلام آباد (جیوڈیسک) گلگت بلتستان اور چترال کے مختلف علاقوں میں برفباری نے راستے ہی بند کر دئیے ہیں۔ راستے بند ہونے سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ بلوچستان میں سردی کیا بڑھی جلانے کی لکڑی کے دام سن کر لوگوں کا جی ہی جل جاتا ہے۔

مالاکنڈ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔ چترال کے بالائی علاقے لواری ٹاپ میں برف باری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہیں، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔گلگت بلتستان میں دیامر اور غذر کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے اور متعدد سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ راستوں کی بندش نے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا ہے۔

گلیات میں حالیہ برفباری کے بعد نتھیا گلی بکوٹ روڈ کئی روز سے ہر قسم کی ٹریفک کیلیے بند ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

قلات، زیارت، چمن، مسلم باغ سمیت متعدد علاقوں میں سردی بڑھتے ہی جلانے کی لکڑی کے دام بھی بڑھ گئے ہیں۔ کرم ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی سمیت قبائلی علاقوں میں بھی سرد موسم کی وجہ سے کاروبار زندگی متاثر ہے۔