حکومت غیرقانونی گرفتاریوں کی مجاز نہیں، لاہور ہائیکورٹ

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود جان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی ٹی آئی ورکرز کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ تیس نومبر کے جلسے کو ناکام بنانے کے لیے پنجاب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ حکومتی احکامات پر پولیس والے تحریک انصاف کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں۔ ورکرز کو حراساں کیا جا رہا ہے اور گرفتاریاں بھی ہو رہی ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ محض قیاس آرائی کی بنیاد پر گرفتاریوں سے کیسے منع کر سکتے ہیں۔ ملک میں جو مرضی ہو جائے لوٹ مار مچ جائے تو کیا حکومت کارروائی بھی نہ کرے۔ جسٹس خالد محمود جان نے ریمارکس دیئے کہ حکومت غیرقانونی طور پر کسی کو گرفتار کرنے کی مجاز نہیں۔ اس حوالے سے فل بنچ پہلے ہی فیصلہ سنا چکا ہے۔

لہذا یہ کیس بھی متعلقہ فل بنچ کے پاس ہی سماعت کے لیے جانا چاہیے تین رکنی بنچ نے مزید سماعت کے لیے کیس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دیا۔