حکومت فی الفور حکومت ایران سے رابطہ کرے۔ ناصر عباس جعفری

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر سست روی اور حکومت کی طرف اقدامات نہ کیے جانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ حکومت فی الفور حکومت ِایران سے رابطہ کرے اور اس منصوبے سے متعلق پھیلائی جانیوالی بدگمانیوں کا خاتمہ کرے۔ اسلام آباد سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق، علامہ ناصر عباس جعفری نے ان خیالات کا اظہار گلگت میںدفاع وطن کنونشن کے سلسلہ میں نگر میں مختلف عمائدین سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے ایرانی وزیرتیل کی جانب سے حکومت پاکستان کی طرف سے عدم دلچسپی کے اظہار اور منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے پرامید نہ ہونے کو حکومت ِ پاکستان کیلئے سوالیہ نشان قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نواز حکومت سے متعلق پہلے ہی باتیں گردش کررہی ہیں کہ وہ اس منصوبے پر عملدار کیلئے مخلص نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک پہلے ہی توانائی بحران سے دوچار ہے، ایک طرف صنعتیں بند ہورہی ہیں تو دوسری جانب گھریلوصارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ اس بحران پر قابوپانے کیلئے ایک بہترین آپشن ہے جسے ہر قیمت پر بروقت مکمل ہونا چاہیے۔علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت نیلی پیلی ٹیکسی سکیم، لیپ ٹاپ اور آشیانہ ہاوسنگ سکیم جیسے منصوبے کو چھوڑ کر فوری طور پر آئی پی منصوبے کیلئے رقم مختص کرے اور کام شروع کرے۔

انہوں نے مذید کہا کہ امریکہ کے دباؤ پر برادر اسلامی ملک سے تعلق خراب نہیں کرنے دیں گے۔ گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے مفاد میں ہے جس پر کسی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کیا جاناچاہیے۔ یاد رہے کہ معاہدے کے مطابق پاکستان کو دسمبر دوہزارچودہ میں اس منصوبے کو مکمل کرنا ہے جبکہ ایران اپنی طرف سے سرحد تک پائپ لائن بچھا چکا ہے۔