حکومت نے کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا

Karachi Ships

Karachi Ships

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے ساحل پر پھسنے والے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو حکومت پاکستان نے تحویل میں لے لیا۔

بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو حکومتی تحویل میں لینے کا حکم نامہ وزارت برائے بحری امور نے جاری بھی کر دیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق ماہین نے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو سمندری کاموں کے لیے ناقابل استعمال قرار دیا ہے اور پاکستان مرچنٹ آرڈیننس کے تحت بحری جہاز کو حکومت نے تحویل میں لیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری حکم نامے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سمندری جہاز ہینگ ٹونگ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بھی بحری جہاز کو حکومتی تحویل میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز ہینگ ٹونگ سمندری امور کے قابل نہیں ہے اور اس کا نیوی گیشن سسٹم بھی خراب اور انجن کمزور ہے۔

کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں۔

کے پی ٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آگیا۔

جہاز کے کپتان کے مطابق جہاز کا ایک اینکر 20 جولائی کو ٹوٹا، جہاز کو فوری برتھ دینے کی درخواست کی کیونکہ ایک اینکر کے ساتھ جہاز سنبھالنا مشکل تھا لیکن برتھ نا دی گئی۔

کپتان نے بتایا کہ بحری جہاز کا دوسرا اینکر 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب رات 1 بج کر 15 منٹ پر ٹوٹا، بحیثیت کیپٹن ایک بج کر 20 منٹ پر ایمرجنسی کال کی، ایمرجنسی کال پورٹ قاسم اور منوڑہ بھی سن رہا تھا لیکن کے پی ٹی کنٹرول نے کوئی مدد نا کی، کے پی ٹی کنٹرول نے افسران کے میٹنگ میں ہونے کا بتایا۔