سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلئے وقت مانگ لیا

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی/کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 65 لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی کے بغیر کی گئی۔ اسلام آباد اور کراچی سے سی ون تھرٹی کے ذریعے بیلٹ پیپرز کی ترسیل ہو رہی ہے۔

ادھر سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جنوری میں بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے۔ صاف اور شفاف الیکشن کے لئے صوبائی حکومت کو وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔

الیکشن شیڈول کے اعلان میں جلد بازی نہ کی جائے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پاس کئے گئے بل کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ حکومت سے مشاورت کے بعد شیڈول کا اعلان کرنے کا پابند ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مقناطیسی روشنائی کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے۔ ووٹرز لسٹوں کی تصدیق اور نئے ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔