حکومت کی جانب سے مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مولانا یوسف شاہ

 Maulana Yousaf Shah

Maulana Yousaf Shah

پشاور (جیوڈیسک) طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ پہلے بھی مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہونے کا خطرہ تھا لیکن ہم نے بڑی حکمت عملی سے اسے ختم کیا اور موجودہ ڈیڈلاک کو بھی جلد ختم کردیں گے۔

مولانا یوسف شاہ کا کہنا تھا کہ آج پھر مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ڈیڈلاک پیدا ہو ہم امن کے خواہاں ہیں اور کوشش کریں گے ملک میں جلد سے جلد امن قائم ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثارعلی نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ مذاکرات کا عمل جاری رہے، مجھے امید ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کے لئے چوہدری نثار اپنا کردار ادا کریں گے۔ ملک میں لگی آگ کو بجھانے کےلئے اگر سب اپنا کردار ادا کریں تو ہم بہت جلد اس سے نجات حاصل کر لیں گے۔

مولانا یوسف نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ڈیڈلاک پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب دونوں کمیٹیوں کا اجلاس ہو گا تو ہی بات بنے گی اس وقت مذاکرات کے لیے بیٹھنا عین فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خود کو طالبان کی کمیٹی کا نہیں بلکہ بلکہ قوم کا ممبر سمجھ رہے ہیں۔

ہم اس دن کے انتظار میں ہیں کہ قوم کو خوشخبری دیں اور قوم سکھ کا سانس لے، 16 اور 17 فروری کو ہم کامیابی کی دہلیز پر پہنچ گئے تھے کہ مہمند ایجنسی میں واقعہ پیش آیا۔