حکومت اپنے بچھائے ہوئے جال میں خود پھنس چکی، مڈٹرم ناگزیر ہیں۔ عبدالعلیم خان

Election

Election

لاہور: پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت اپنے ہی بچھائے ہوئے جال میں بری طرح پھنس چکی ہے اسی بوکھلاہٹ میں وفاقی وزراء بے سروپا الزامات لگانے اور بیان بازی کے ذریعے زمین بوس ہوتی ہوئی حکومت کو سہارا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مڈٹرم الیکشن ناگزیر دکھائی دیتے ہیں اور جب بھی نیوٹرل سیٹ اپ میں شفاف الیکشن منعقد ہوئے دھاندلی کا پول خود ہی کھل جائے گا۔

انہوں نے پارٹی ورکرز سے کہا کہ وہ عام انتخابات کی تیاری کریں اب بلدیاتی الیکشن کا نعرہ اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے کیونکہ عوامی رائے جنرل الیکشن کے انعقاد کے لیے ہے۔

عبدالعلیم خان نے این اے 122 اور پی پی 147 کی پارٹی تنظیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ضلع لاہور میں تنظیمی امور پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس سلسلے میں جلد اہم فیصلے ہونگے اور بالخصوص ویمن ونگ اور یوتھ کو مزید منظم کرنے اور عہدیداران کو کام کرنے کے مزید مواقع فراہم کیے جائینگے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور کو اپنی سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کو اصل صورتحال کا بخوبی علم ہو چکا ہے کیونکہ آج اس لانگ مارچ اور دھرنے کی بازگشت ملک بھر میں سنی جارہی ہے اس کا آغاز 14اگست کو اسی لاہور شہر سے تحریک انصاف کے کارکنان نے کیا تھا اس موقع پر عبدالعلیم خان نے علاقے کے مسائل بھی سنے جبکہ اس موقع پر شعیب صدیقی، حافظ رضوان، لالہ رفیق، نوشیل بدر، فرخ جاوید مون، خواتین اور یوتھ ونگ کے نمائندے بھی موجود تھے۔