حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے میں ناکام ہو چکی ہے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نیشنل سکیورٹی،اور امور خارجہ سمیت ایل او سی کی صورتحال پراپنی پوزیشن واضح کرنے سے قاصر ہے، پچیس سالہ سیاست میں کسی حکومت کا اس قدر غیرسنجیدہ رویہ نہیں دیکھا۔

پارلیمنٹ ہاس اسلام آباد کے باہر اپوزیشن جماعتوں کے قومی اسمبلی سے مشترکہ واک آٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ دوحہ میں طالبان سے امن مذاکرات سمیت شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال اور قومی و خارجہ امور پر حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے سکیورٹی اور خارجہ امور سرتاج عزیز پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتے ہوئے سوالات کے جوابات دیں۔ا

س موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو وقت دینے کے لئے تیار ہیں،دوحہ میں طالبان سے مذاکرات اور بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔حکومت کا رویہ اس قدر غیر سنجیدہ ہو چکا ہے کہ سمجھ سے باہر ہے ،جوابات دینے کے لئے جو وزیر ہمارے پاس بھیجے جاتے ہیں وہ خود بے بس ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی قوتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کشیدگی خطے کے امن کے لئے خطرہ ثابت ہو رہی ہیں۔ سکیورٹی اور خارجہ امور پر حکومت کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں مگر ہماری بات سننے کی بجائے ایوان کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا جو حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔