حکومت کا پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ اہم فیصلہ 2 روز تک جاری رہنے والی پارٹی، قانونی رفقاء اور آرمی چیف سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

مشاورت میں شامل شخصیات کی اکثریت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کی تجویز دی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر انھیں باضابطہ طور جوابی خط لکھ دیا ہے جس میں انھیں حکومتی فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضع رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے سیکرٹری داخلہ کو درخواست دی تھی۔

حکومتی فیصلے کے بعد پرویز مشرف کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی نیت کُھل کر سامنے آ گئی ہے۔ ہمیں ایسے ہی فیصلے کی توقع تھی۔ عدالت نے واضع حکم دیا تھا کہ پرویز مشرف آزاد ہیں۔ حکومتی فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ واضع رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے والی عدالت نے گزشتہ روز کہا تھا کہ سابق صدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر وفاقی حکومت نے ڈالا ہے اور وہی اسے ہٹا سکتی ہے۔ پرویز مشرف نے خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ وہ اپنی ماں کی تیمار داری کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں لہٰذا ان پر بیرون ملک سفر پابندی کو ختم جائے۔