گورنمنٹ تحقیقاتی مرکز برائے تحفظ ساہیوال گائے جھنگ کے زیر اہتمام ایک روزہ ساہیوال گائے میلہ کا انعقاد

جھنگ : گورنمنٹ تحقیقاتی مرکز برائے تحفظ ساہیوال گائے جھنگ کے زیر اہتمام ایک روزہ ساہیوال گائے میلہ کا انعقادکروایا گیاجس میں سیکرٹری محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر عامر احمد نے بطور مہمان خصوصی شر کت کی۔ گائے میلہ میںجنوبی پنجاب زون II- کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے ساہیوال گائے پال کسانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ساہیوال نسل کے جانوروں کے مابین دودھ اور خوبصورتی کے مقابلے ہوئے۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ ساہیوال گائے ایک قومی اثاثہ ہے۔

اس نسل کے تحفظ اور افزائش کیلئے ادارہ اور بریڈرز کا باہمی تعاون مثالی ہے یہ نسل دنیا کے 29ممالک میں موجود ہے اور پاکستان اس نسل کا گھر ہے۔ ساہیوال نسل کی افزائش سے ہمارے ملک پاکستان میں کسان گائے پال حضرات اپنے وسائل میں رہتے ہوئے نہ صرف غربت سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیںبلکہ اپنی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔انہوںنے ایک روزہ ساہیوال گائے میلہ منعقد کر نے پرتحقیقاتی مرکز برائے تحفظ ساہیوال گائے جھنگ کے ڈائریکٹر اور ان کی پوری ٹیم کو مبا ر کباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہیں یہاں فارمرز کی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے مقابلہ دودھ اور میلہ میں خوبصورتی میں اول ، دوم اور سوم آنے والے جانوروں کے مالکان کومبارکباد دی اور نقد انعامات و ٹرافیاں و اسناد تقسیم کیں ۔ تحقیقاتی مرکز کے ذیلی مرکز واقع جہانگر آباد ( خانیوال) میں منعقدہ اس میلہ میں کسانو ں کی رہنما ئی و تکنیکی معاونت کے لئے مختلف کمپنیوں اور محکمہ لائیو سٹاک کی طر ف سے سٹال لگائے گئے تھے۔ ساہیوال گائے پال کسانوں نے اس طرح کی تقاریب کے باقاعدگی سے انعقاد پر ادارہ ہذا کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے ریڈ گولڈ کلب کے تحت مقابلہ دودھ میں پہلے تمام ریکارڈ توڑنے والی گائے زیبی کے مالک کو خصوصی مبادکباد پیش کی ۔ اس گائے نے 24گھنٹوں میں 39.04کلوگرام دودھ دے کر اپنا ہی 33کلوگرام دودھ کا ریکارڈ بہتر کیاہے ساہیوال نسل میں یہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ ادارہ کی جانب سے عالمی ریکارڈ بنانے والی گائے کے مالک سردار محمدآفتاب احمد خان وٹو کو مبارکباد پیش کی گئی اور میلہ میں آئے تمام شرکاء بشمول آفیسران ، کسان بھائیوں کا شکریہ ادا کیا۔