حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے ہر قسم کے اقدامات کرنے کو تیار ہے

لیہ (طارق پہاڑ سے) مسلم لیگ ن کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے ہر قسم کے اقدامات کرنے کو تیار ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود علی ایڈووکیٹ نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی عوام نے 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ کے حق میں فیصلہ دے کر اور راجن پور سے میاں محمد شہباز شریف کو بھرپو رکامیاب کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام میاں برادران کو ہی اپنا مسیحا سمجھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بھکر کو ڈویژن کا درجہ دینے کے لئے اجلاس کے بعدکہی۔ اجلاس میں ایم این اے میانوالی حاجی عبید اللہ خان شادی خیل، ایم پی اے امانت اللہ خان شادی خیل، سابق ایم پی اے علی حیدر نور خان ، ایم این اے بھکر ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ ، ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی ، کمشنر سرگودھا، ڈی سی اوز بھکر میانوالی لیہ ، محکمہ ریونیو اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے عملہ نے شرکت کی۔ میانوالی کے ممبران اسمبلی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میانوالی کو سرگودھا ڈویژن کے ساتھ رہنے پر اتفاق کیا ۔ جس پر رانا مشہود ایڈووکیٹ نے کہا کہ کمشنر سرگودھا آئندہ اس ڈویژن سے میانوالی کو نکال کررنگ پور، نور پور تھل اور اٹھارہ ہزاری پر مشتمل نئے ضلع کا قیام عمل میں لاکر بھکر کو ڈویژن بنانے کے سلسلہ میں رپورٹ تیار کرکے لائیں۔ آئندہ اجلاس چھ جنوری 2014 بروز سوموار کو گیارہ بجے دن پنجاب اسمبلی کے میٹنگ ہال نمبر ایک میں ہوگا۔اجلاس میں کروڑ لعل عیسن کو لیہ سے علیحدہ کر کے ضلع بھکر کے ساتھ جوڑنے اور کوٹ ادو کو مظفر گڑھ سے الگ کر کے ضلع لیہ کے ساتھ شامل کر نے کی تجویز پیش کی گئی۔ اسی طرح اٹھارہ ہزاری ، منکیرہ ، دریا خان اور کروڑ لعل عیسن ضلع بھکر کی تحصیلیں ہونگی جبکہ نوپور تھل ، پپلاں ، اور کلورٹ کوٹ کو ضلع میانوالی میں شامل کیا جائے گا۔ کروڑ لعل عیسن کو بھکر میں شامل کرنے سے بہت سے مسائل جنم لینگے۔ بھکراور لیہ کی ثقافت اور کلچر یکسر مختلف ہے جبکہ اگر کروڑ لعل عیسن کو ضلع بھکر کے ساتھ لگایا گیا تو NA181 جو کہ تحصیل کروڑ اور تحصیل چوبارہ پر مشتمل ہے تحصیل چوبارہ کے علیحدہ ہو جانے کے بعد کروڑ اور بھکر کے علاقے پر مشتمل NA-181 کا حلقہ ہو گا اسی طرح حلقہ 263 جو کہ لیہ اور کروڑ سے منسلک ہے میں بھی تبدیلیاں ہونگی۔