مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل کی جانب سے قومی امن کانفرنس کی دعوت دینے کا سلسلہ جاری

مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پانچ جنوری کو اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں ہونے والی قومی امن کانفرنس کی دعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے، ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور وائس آف شہداء کے ترجمان سینٹر فیصل رضاعابدی نے جمعرات کو بھی مختلف شہداء کے خانوادوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

ناصر عباس شیرازی، صاحبزادہ حامد رضا اور سنیٹر فیصل رضا عابدی نے پشاور چرچ کا دورہ کیا اور مسیحیوں کے پادری اعجاز سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ تینوں رہنماوں نے چرچ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے مسیحی برادری کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت پیش کی اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، مذکورہ رہنماوں نے ہندوں منارٹیز الائنس کے سربراہ ہاروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں کانفرنس میں شرکت کیلئے دعوت دی۔

بعد ازاں صاحبزادہ حامدرضا، ناصر عباس شیرازی اور سینٹر فیصل رضا عابدی نے اے این پی کے مرکز باچا خان کا بھی دورہ کیا اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء میاں افتخار حسین سے ملاقات کی اور انہیں پانچ جنوری کو ہونے والی قومی امن کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔