حکومت، طالبان کمیٹیوں میں ملاقات آج متوقع، سیز فائر پر فیصلہ کیا جائیگا

Negotiating Committee

Negotiating Committee

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان آج ملاقات ہونے کا امکان ہے جس میں حکومت اور طالبان کی جانب سے سیز فائر پر فیصلہ کیا جائے گا۔

دونوں کمیٹیوں میں ملاقات آج شام کو اسلام آباد میں متوقع ہے لیکن ابھی مقام کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔

حکومتی کمیٹی کی جانب سے میڈیا کو فراہم کیے گئے خط اور طالبان کی جانب سے کراچی حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہو گی۔

طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی سے آج ملاقات متوقع ہے تاہم تاحال ملاقات کے مقام کا تعین نہیں ہو سکا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی کی جانب سے میڈیا کو فراہم کیے گئے خط کے حوالے سے ملاقات میں بات چیت ہو گی۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ طالبان کی جانب سے گزشتہ روز کراچی میں پولیس کی بس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا معاملہ بھی ملاقات میں زیر غور آئے گا۔