سندھ حکومت ٹارگیٹڈ آپریشن کی بیلنس شیٹ پیش کرے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی : جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے شہر میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے باوجود روز بروز بگڑتے حالات اور بدامنی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت، رینجرز، پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے ادروں کی جانب سے جاری مشتر کہ ٹارگیٹڈ آپریشن کے اب تک کے اہداف اور نتائج کی بیلنس شیٹ پیش کرے۔

نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے شہرقائد میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے جس عزم کا اظہار کیا تھا اس پر عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آرہا، آپریشن شروع ہونے کے بعد کچھ عرصے تک ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں معمولی کمی آئی مگر ایک بار پھر روشنیوں کا شہرآگ اورخون میں نہایا ہو اہے، روزانہ اوسطاًدرجن بھر سے زائد ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات نے آپریشن پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد سے روزانہ کی بنیادوں پررینجرز اور پولیس نے بے شمار گرفتاریاں کیں، قومی پریس میں شائع ہونے والی رپورٹس اور اعدادو شمار کے مطابق جیلوں میں موجود گنجائش سے زیادہ گرفتاریاں کی گئیں اور بھاری تعداد میں اسلحہ و گولا بارود برآمد کرنے کے دعوے کیے گئے، عوام کو بتایا جائے کہ وہ سارے گرفتار ملزمان کہاں ہیں ، ان پر مقدمات قائم کر کے کن عدالتوں میں پیش کیا گیا،کتنوں کو جیل بھیجا گیا اور کتنوں کی رہائی عمل میں لائی گئی’بے گناہ شہریوں کو گرفتار کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش نہ کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں لاشیں ملنے کا سلسلہ سب کیلئے انتہائی تباہ کن اور خطرناک ہے، اختیارات کا ناجائز استعمال کراچی کو کوئٹہ اور وزیرستان بنا دے گا’ کسی بھی ماورائے قانون قدم کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ اب تک کی کاروائیوں، کامیابیوں اور ناکامیوں کا بلیک اینڈ وائٹ بیلنس شیٹ پیش کیا جائے’ اور حقیقی امن کیلئے سزایافتہ مجرموں کو پھانسی دی جائے، پیرول پر رہا ملزمان کو گرفتار کر کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور معلوم دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔