حکومت کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے سے باز رہے، روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان نے بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور موبائل کارڈ پر ٹیکس کٹوتی کو مسترد کرتے ہوئے اسے حکومت عیاشی قرار دیتے ہوئے اسکی واپسی کا مطالبہ کیا ہے تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے سے باز رہے کیونکہ پہلے ہی مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان نے پاکستانی عوام کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں۔

گذشتہ حکومت نے عوام کے خزانوں پر عیاشیاں کیں اور قوم کا خزانہ دونوں ہاتھوں سے لوٹا یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کی آدھی سے بھی زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جبکہ بنیادی ضروریات کے پورا نہ ہونے کے باعث لوگ فاقوں اور خود کشی جیسے فعل تک جا پہنچے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا وزیراعظم میاں نواز شریف سمیت دیگر سیاسی راہنما ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر عوام کو ریلیف اور سستی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔