لاہور، نواب ٹائون میں نا معلوم افراد نے 2 نوجوانوں کو گلا دبا کر قتل کردیا

لاہور (پی پی سی ) نواب ٹائون کے علاقہ میں نا معلوم افراد نے 2 نوجوانوں کو گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد نعشیں کھیتوں میں پھینک دیں جس سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے دونوں نعشیں قبضہ میں لے کر مردہ خانہ جمع کروا دیں۔ بتایا گیا ہے کہ نواب ٹائون کے علاقہ کچی کوٹھی کے قریب رات گئے کھیتوں میں 2 نوجوانوں کی نعشیں پڑی تھیں جنہیں دیکھ کراہل علاقہ خوفزدہ ہوگئے اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعشوں کو قبضہ میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے گلے پر پھندے اور جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ دونوں نے پینٹ شررٹ پہن رکھی تھی۔ شبہ کہ نامعلوم افراد نے دیرینہ دشمنی کی بنا پر قتل کرنے کے بعد نعشیں کھیتوں میں پھینک دی ہیں۔ کپڑوں کی تلاشی کے دوران کوئی قابل شناخت چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے ورثاکا سراغ مل سکے۔ شناخت کیلئے قریبی مساجد میں بھی اعلان کروائے گئے ہیں تا ہم کوئی سراغ نہیں مل سکااصل حقائق مکمل تفتیش اور ورثاء کے ملنے کے بعد سامنے آئیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور، بدچلنی کے شبہ پر باپ نے بیٹی کو چھری کے وارکر کے قتل کردیا
لاہور (پی پی سی ) ریس کورس کے علاقہ میں بدچلنی کے شبہ پر باپ نے بیٹی کو چھری کے وارکر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس نے نعش کو قبضہ میں لے لیا۔ بتایا گیا ہے کہ ریس کورس کے علاقہ گندہ نالہ بستی سیدن کے رہاشی بوٹا نامی شخص کی بیٹی ذکیہ بی بی کو چند ماہ قبل طلاق ہوئی جس کے بعد وہ والدین کے گھر رہنے لگی اس دوران ذکیہ بی بی نے شیخوپورہ کے رہاشی آصف سے تعلقات استوار کر لیے اور اس کے ساتھ فرار ہوگئی۔ گزشتہ روز معززین واپس گھر لے آئے ذکیہ کے والد بوٹا نے گلہ دبانے کے بعد تیز دھار آلہ سے اس کا پیٹ کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعش کو قبضہ میں لے کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ریسکیورز کی بین الاقوامی سرٹیفیکشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے ڈی جی ریسکیو پنجاب سنگاپو رروانہ
لاہور(پی پی سی) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) ڈاکٹر رضوان نصیر سنگاپور روانہ ہوگئے جہاں وہ جمعرات کے روز انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ (INSARAG) ایشا پیسفک اور سنگا پور سول ڈیفنس فورس کے منعقد کردہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ فورم میں انہیں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے مدعوع کیا گیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر پاکستان میں ریسکیو تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے چیئرمین INSARAG علاقائی گروپ ایشیا پیسفک سے انٹر نیشنل ریسکیو سرٹیفکیشن کے آغازکے لیے بریفنگ دیں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب ایمرجنسی سروس انٹرنیشنل ریسکیو سرٹیفکیشن حاصل کرنے کے لیے بھر پور کوششیں کر رہی ہے اور اب UNOCHA نے اس اہم اجلا س میں باقاعدہ طورپر ڈی جی ریسکیو پنجاب کو شمولیت کی دعوت دی ہے، جہاں ڈاکٹر رضوان نصیر اربن سرچ اینڈ ریسکیو کورس کے لیے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن جیسے امور پر گفتگو کریں گے۔ وہ اجلاس کے مختلف سیشن میں شرکت کریں گے، جو کہ کل سے شروع ہونگے اور 27 ستمبر تک جاری رہیں گے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان INSARAG کی گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہوئے ملک میں جاری انٹرنیشنل ریسکیو سرٹیفکیشن کے عمل کو مزید بہتر بنائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب بھر میں 484 ٹریفک حادثات میں 566 افرادزخمی،05 جاں بحق
لاہور (پی پی سی) پنجاب بھر میں مختلف مقامات پرگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کل 484 ٹریفک حادثات ہوئے جن میں پانچ افراد ہلاک اور 388 شدید زخمی ہو ئیں جن کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال میں پہنچایا گیاجبک 178 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ریسکیو 1122کے پراونشل سیل کو موصول ہونے والی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 218ڈرائیورز، 08کم عمر ڈرائیور، 274 مسافراور 79 پیدل چلنے والے متاثر ہوئے۔ اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 98 ٹریفک حادثات کی کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں، جن میں صوبائی درالحکومت 118 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 41 حادثات میں 49 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ ملتان 42 حادثات میں 45 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات میں کل 571 متاثر ہونے والوں میں سے 462 مرد اور109 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں68افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم اور366افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان اور 137زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زیادہ تھی۔ان ٹریفک حادثات کے بیش تر واقعات میں زیادہ تر 385 موٹر سائیکلز 53آٹو رکشے، 42 موٹر کاریں 33 مسافر بسیں 07 ٹرک، اور 72 دوسری اقسام کی آٹو گاڑیاں شامل ہیں۔