مرکزی کمیٹی نے شہادتیں نہ لیں تو اپنا اعلان کریں گے، مفتی شہاب پوپلزئی

Mufti Shahab puplzai

Mufti Shahab puplzai

پشاور (جیوڈیسک) پشاور مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کبھی ان کی شہادتیں قبول نہیں کیں، اگر مرکزی کمیٹی نے شہادتیں نہ لیں تو وہ اپنا اعلان کریں گے۔ پشاور میں رمضان المبارک اور عید کے چاند کا تنازع حل کرنے کیلئے علما کا اجلاس ہوا، اس میں صوبائی وزیر مذہبی امور حبیب الرحمان، مقامی علما اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن نے شرکت کی۔

اجلاس میں خطیب مسجد قاسم علی خان مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ مرکزی کمیٹی کو زونل کمیٹیز پر اعتماد کرنا چاہئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر حبیب الرحمان کا کہنا تھا کہ چاند کا تنازع حل کرنے کیلئے مرکز سے باقاعدہ قانون سازی کی درخواست کریں گے۔ اس کے ساتھ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے 9 میں سے 2 ارکان خیبرپختونخوا سے لینے اور کمیٹی کو رات 11 بجے تک اجلاس جاری رکھنے کی سفارش کریں گے۔